
خود فریبی کا فنِ لطیف…..منزہ جاوید
خود فریبی کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ اس میں انسان خود ہی مصنف، خود ہی اداکار اور خود ہی تماشائی ہوتا ہے۔ اپنی کہانی میں ہمیشہ مظلوم اور دوسروں کی کہانی میں ہمیشہ منصف بن جاتا ہے۔
انسان بھی کتنا عجیب فنکار ہے۔ حقیقت سامنے کھڑی ہوتی ہے مگر وہ اپنی مرضی کا آئینہ بنا کر اس میں اپنا پسندیدہ چہرہ دیکھتا ہے۔ اپنی غلطیوں کو مصلحت، کمزوری کو مجبوری اور دوسروں کی حق تلفی کو اپنا حق سمجھ لینا شاید خود فریبی کے فن کی پہلی سیڑھی ہے۔
ہم اکثر دوسروں کو دھوکا دینے سے پہلے خود کو یقین دلا دیتے ہیں کہ ہم بالکل درست ہیں۔ کسی کا دل دکھا کر کہتے ہیں کہ ہماری نیت بری نہیں تھی، وعدہ توڑ کر حالات کو قصوروار ٹھہراتے ہیں اور اپنی ناکامیوں کا بوجھ دوسروں کے کندھوں پر رکھ کر خود کو مطمئن کر لیتے ہیں۔
خود فریبی کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ اس میں انسان خود ہی مصنف، خود ہی اداکار اور خود ہی تماشائی ہوتا ہے۔ اپنی کہانی میں ہمیشہ مظلوم اور دوسروں کی کہانی میں ہمیشہ منصف بن جاتا ہے۔
مگر حقیقت کو زیادہ دیر تک پردے میں نہیں رکھا جا سکتا۔ ضمیر کی عدالت میں نہ سفارش چلتی ہے نہ الفاظ کے خوبصورت پردے کام آتے ہیں۔ وہاں انسان کو اپنے ہی اعمال کے سامنے کھڑا ہونا پڑتا ہے۔
شاید زندگی کا سب سے بڑا فن خود کو دھوکا دینا نہیں بلکہ خود سے سچ بولنے کا حوصلہ پیدا کرنا ہے۔ کیونکہ جو شخص اپنی غلطی تسلیم کر لیتا ہے وہ اصلاح کا راستہ پا لیتا ہے اور جو خود فریبی کو ہنر سمجھ بیٹھے وہ ساری عمر اپنی ہی بنائی ہوئی دنیا میں قید رہتا ہے۔


