
ایران میں ادویات کی فراہمی کا نظام کیوں ناکام ہو رہا ہے؟
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ایلنا کے مطابق، فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے ترجمان محمد ہاشمی نے 9 نومبر کو کہا تھا کہ ملک میں تقریباً 700 ضروری ادویات میں سے 40 سے بھی کم کی فراہمی کو مشکلات کا سامنا ہے۔
اُمید برین
ایران میں فارمیسیاں بند ہو رہی ہیں، ہسپتالوں کو ادویات کی فراہمی تعطل کا شکار ہے، جبکہ مریض ادویات کی خوراک کم کرنے یا بلیک مارکیٹ سے دوائیں خریدنے پر مجبور ہیں۔
ایران کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ملکی کرنسی کی قدر میں کمی اور ادویات کی قیمتوں پر حکومتی کنٹرول نے مقامی دوا ساز کمپنیوں کے منافع کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ ہسپتالوں کے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ادویات کی ترسیل میں تاخیر ہو رہی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک منصوبہ بندی اور بجٹ سازی کی تنظیم غیر ملکی کرنسی کی فراہمی کے لیے حقیقت پسندانہ پالیسی اختیار نہیں کرتی، بینک دوا ساز کمپنیوں کو قرضے فراہم نہیں کرتے اور انشورنس کمپنیاں اپنے واجبات ادا نہیں کرتیں، وزارت صحت کے ہاتھ بندھے رہیں گے اور اس بحران کو روکنا ممکن نہیں ہو گا۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ایلنا کے مطابق، فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے ترجمان محمد ہاشمی نے 9 نومبر کو کہا تھا کہ ملک میں تقریباً 700 ضروری ادویات میں سے 40 سے بھی کم کی فراہمی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم، فارماسسٹوں نے بتایا کہ فارمیسیوں میں ادویات کی دستیابی کی صورت حال سرکاری دعوؤں سے کہیں زیادہ مشکل ہے۔
تہران میں ایک فارمیسی کے منتظم نے بتایا کہ انشورنس کمپنیوں کی جانب سے ادائیگیاں اکثر کئی ماہ تاخیر سے ہوتی ہیں، جبکہ ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
شمال مغربی علاقے مہاباد کے ایک فارماسسٹ کے مطابق، تقسیم کار کمپنیاں نایاب ادویات کی فراہمی کے لیے پیشگی نقد ادائیگی کا مطالبہ کرتی ہیں۔
انشورنس ادائیگیوں میں تاخیر اور قواعد میں بار بار تبدیلیوں کے باعث بعض فارمیسیوں نے انشورنس کمپنیوں کے ساتھ معاہدے ختم کر دیے ہیں یا مہنگی ایسی ادویات فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے جن کی قیمت انشورنس کے ذریعے ادا کی جاتی ہے۔
مہاباد کی فارماسسٹ، جنہوں نے اپنا فرضی نام لیلیٰ بتایا، نے کہا کہ عام فارمیسیوں میں تقریباً 40 ادویات کی قلت ہو سکتی ہے، جبکہ کیموتھراپی اور پیچیدہ علاج کی ادویات رکھنے والی بڑی خصوصی فارمیسیوں میں 100 سے زائد ادویات دستیاب نہیں ہوتیں۔ ان میں نفسیاتی امراض اور پارکنسنز کے علاج کی ادویات کے علاوہ انسولین کی شیشیاں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا، ”بہت سی ادویات اب سرکاری نظامِ فراہمی میں بالکل دستیاب نہیں ہیں، مثلاً فالج کی بعض اقسام کے علاج کے لیے استعمال کی جانے والی دوا یا ہسپتالوں میں انجیکشن کے ذریعے دی جانے والی اینٹی بائیوٹکس، جن کا کوئی متبادل موجود نہیں۔‘‘
غیر معیاری اور بلیک مارکیٹ کی ادویات کا سہارا
لیلیٰ کے مطابق، نزلہ زکام کی عام ادویات جیسی بنیادی چیزیں بھی نایاب یا مہنگی ہونے کے باعث بعض لوگ گھریلو ٹوٹکوں کا سہارا لے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انسولین جیسی ضروری ادویات کا مسلسل استعمال کرنے والے مریض اپنے ذخیرے کو زیادہ عرصے تک برقرار رکھنے کے لیے خوراک کم کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق، ادویات خریدنے کی استطاعت نہ رکھنے والوں میں متوسط طبقے کے افراد کی بڑی تعداد شامل ہے، جنہیں فارماسسٹ کے لیے فلاحی اداروں کی طرف بھیجنا بھی آسان نہیں۔ بزرگ اور نفسیاتی امراض کے مریض اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
لیلیٰ نے خبردار کیا کہ مقامی طور پر تیار کی جانے والی بعض ایسی ادویات کے معیار میں کمی دیکھی گئی ہے جنہیں اصل ادویات کی نقل کرکے بنایا جاتا ہے۔ اس صورت حال سے سرطان، اعضا کی پیوند کاری اور خودکار مدافعتی امراض کے مریضوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بعض خاندان علاج گاہوں کے باہر لگنے والی عارضی منڈیوں سے ادویات خریدنے پر مجبور ہیں۔ ان منڈیوں میں ادویات کو محفوظ درجہ حرارت پر رکھنے کا مناسب انتظام نہیں ہوتا، جبکہ وہاں جعلی ادویات اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ تبدیل کی گئی دوائیں بھی فروخت کی جاتی ہیں۔
پابندیاں اور ناکہ بندیاں
امریکہ کے ساتھ جاری موجودہ تنازع کے تناظر میں خدیف نے کہا کہ امریکی پابندیوں کے ساتھ سرحدی رکاوٹوں اور آبنائے ہرمز میں امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث ادویات کی درآمدی لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اس صورت حال کا ذمہ دار ایران کے ”بدعنوان حکمران اشرافیہ‘‘ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ دستیاب وسائل کی مناسب تقسیم نہیں کر رہی۔
تاہم ایرانی حکام اس مؤقف کو مسترد کرتے ہیں۔
ایران کے وزیر صحت محمد رضا ظفرقندی نے امریکی پابندیوں سے ادویات کو استثنیٰ حاصل ہونے کے دعوؤں کو ”بڑا جھوٹ‘‘ قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بینکاری، انشورنس، فضائی سفر اور بحری جہاز رانی پر پابندیاں ادویات کی درآمد میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔
رواں موسم خزاں کے اوائل میں ایران کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے شعبہ خام مال کے سربراہ نے بھی کرنسی، بینکاری، کسٹمز اور بحری جہاز رانی سے متعلق مشکلات کو ادویات کی فراہمی میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا تھا۔
اس معاملے پر تبصرے کے لیے برلن میں ایرانی سفارت خانے کے شعبہ ذرائع ابلاغ کو ای میل بھی کی، تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
خدیف نے کہا، ”بہت سے لوگوں کو اپنی ادویات خریدنے یا طبی مراکز تک پہنچنے سے قاصر دیکھ کر میرے اندر احساسِ جرم اور بے بسی پیدا ہوتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ادویات تک رسائی نہ ہونے کے باعث مریضوں کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔



