کھیل

پاکستان پنجاب میں وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز انٹرڈویژن مقابلے اختتام پذیر ہوگئے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پنجاب میں کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہو رہے ہیں، ایسے ٹورنامنٹس نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے کا ذریعہ ہیں

(سید عاطف ندیم-پاکستان): وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز انٹرڈویژن کبڈی کا فائنل فیصل آباد ڈویژن جیت لیا، گرلز ہاکی فائنل لاہور جبکہ بوائز ہاکی فائنل ملتان ڈویژن نے جیت لیا، صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کبڈی فائنل اور اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے،سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال اور ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خضرافضال چودھری بھی موجود تھے، صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز کی اختتامی تقریب میں کبڈی ٹیموں کو 23لاکھ 80ہزار روپے جبکہ ہاکی گرلز اینڈ بوائز ٹیموں کو 28لاکھ 80ہزار روپے کے انعامات تقسیم کئے،
کبڈی فائنل میں فیصل آباد نے لاہور ڈویژن کو52-41سے ہرادیا،گرلز ہاکی میں لاہور نے فیصل آباد کو 8-2سے ہرا کر ٹائیٹل جیت لیا،لاہورکی جانب سے شارقہ نے 5، لائبہ یاسمین نے 2اور اسما نے ایک گول کیا جبکہ فیصل آباد کی جانب سے سحرش نے دو گول کئے، بوائز ہاکی میں ملتان نے لاہور کو 2-1سے شکست دے دی، ملتان کی جانب سے ماحد اورخبیب نے ایک ایک گول کیاجبکہ لاہور کی جانب سے واحدگول سمیع اللہ نے کیا۔
صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی پاکستان کے ہیرو ہیں،سمر گیمزمیں جیتنے والی ٹیموں کو مبارکباد دیتا ہوں،اس طرح کے ایونٹس سے نیا ٹیلنٹ سامنے لایا جارہاہے، انعامات صرف رقم نہیں بلکہ ان کی محنت، لگن اور قابلیت کا اعتراف ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت پنجاب میں کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہو رہے ہیں، ایسے ٹورنامنٹس نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے کا ذریعہ ہیں اور انشاء اللہ یہی کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتیں گے۔صوبائی وزیر نے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کو سمر گیمز کے مثالی انتظامات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے لیے رہائش، خوراک اور طبی سہولیات کے شاندار انتظامات کیے گئے، نوجوانوں کے لیے ”کھیلتا پنجاب”، ”رائزنگ پنجاب” اور ”سمر کیمپس” اور سمر گیمز، پنک گیمز
جیسے اقدامات کو ایک مثبت رہنمائی قرار دیا۔ اختتامی تقریب میں صوبائی وزیر نے کھلاڑیوں کے ساتھ یادگار تصاویر بھی بنوائیں اور ان کی کامیابیوں کو خوب سراہا۔صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھرنے رواں سال ہونیوالی پنک گیمزکو گزشتہ سال سے دوگنا بڑے پیمانے پر منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب گیمز 12 سے 18 جون تک لاہور کے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوئے جن میں پنجاب بھر کے 9 ڈویژنز سے 700 سے زائد گرلز اینڈ بوائز کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ سمر گیمز میں کبڈی، ہاکی، والی بال اور بیڈمنٹن کے شاندار مقابلے دیکھنے کو ملے، سمر گیمز میں کھلاڑیوں کو مجموعی طور پر 75 لاکھ روپے کے انعامات سے نوازا گیا۔ کبڈی مقابلوں میں فیصل آباد کی ٹیم فاتح رہی اور 14 لاکھ روپے انعامی رقم کی حقدار بنی جبکہ لاہور کی ٹیم رنر اپ رہی اور 9 لاکھ 80 ہزار روپے انعام کی حقدار بنی۔ اسی طرح ہاکی بوائزم میں ملتان کی ٹیم فاتح رہی اور 9 لاکھ روپے انعامی رقم جبکہ رنر اپ ٹیم کو 5 لاکھ 40 ہزار روپے ملے۔ہاکی گرلز میں لاہور نے ٹائیٹل اپنے نام کیا لاہور کو 9 لاکھ روپے انعامی رقم جبکہ رنر اپ فیصل آبا د کو ٹیم کو 5 لاکھ 40 ہزار روپے کے انعامات دیئے گئے، بیڈمنٹن بوائز مقابلوں میں فاتح ٹیم کو 3 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ رنر اپ کو 2 لاکھ 10 ہزار روپے ملے۔ اسی طرح بیڈمنٹن گرلز مقابلوں میں فاتح ٹیم کو 3 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ رنر اپ کو 2 لاکھ 10 ہزار روپے ملے۔والی بال کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ روپے اور رنر اپ کو 4 لاکھ 20 ہزار روپے ملے۔
اختتامی تقریب میں ڈائریکٹرایڈمن ڈاکٹرمحمد کلیم، ڈائریکٹر سپورٹس راناندیم انجم، تمام ڈویژنل سپورٹس افسران، کبڈی کپتان عرفان مانا، عرفان اللہ، ارشد ستار، اولمپئن شہباز سینئر، راحت خان، طاہروحید جٹ اور سپورٹس سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھی

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button