کھیل

23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کا اختتام، پاکستان اور ہانگ کانگ نے بالترتیب مردوں اور خواتین کے ٹائٹلز اپنے نام کر لیے

مینز ٹیم ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کی شاندار کامیابی قومی سطح پر ایک قابلِ فخر سنگِ میل ہے، جو عالمی اسکواش میں پاکستان کے ماضی کے درخشاں مقام کی بحالی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

رانا ذاہد اشفاق-پاکستان
پاکستان نے 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 کے مینز ٹیم ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ مصحف اسکواش کمپلیکس، اسلام آباد میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں پاکستان نے کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ دوسری جانب ہانگ کانگ چائنا نے ویمنز ٹیم ایونٹ کے فائنل میں ملائیشیا کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔ اس طرح پانچ روز تک جاری رہنے والے سنسنی خیز اسکواش مقابلوں کا اختتام ہوا، جن میں ایشیا کے بہترین کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیرِ اہتمام اور پاک فضائیہ کی سرپرستی میں منعقد ہونے والی یہ براعظمی چیمپئن شپ 03 سے 07 نومبر 2026 تک جاری رہی۔ ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں نے غیر معمولی کھیل، بہترین جسمانی استعداد اور جیت کے عزم کا مظاہرہ کیا، جبکہ شریک ٹیموں کے مابین ایشیائی سطح پر برتری حاصل کرنے کے لیے سخت مقابلے دیکھنے میں آئے۔ مینز ٹیم ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کی شاندار کامیابی قومی سطح پر ایک قابلِ فخر سنگِ میل ہے، جو عالمی اسکواش میں پاکستان کے ماضی کے درخشاں مقام کی بحالی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

ایشین اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر عادل جاسم الغریب نے اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور کامیاب ٹیموں اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔ تقریب میں اسکواش کے نامور سابق کھلاڑیوں، پاکستان اسکواش فیڈریشن کے اعلیٰ عہدیداران، شریک ممالک کے نمائندگان، کھلاڑیوں، کوچز اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات سمیت شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر، ایئر مارشل کاظم حماد نے پاکستان کی اس تاریخی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم نے ایک دہائی کے طویل وقفے کے بعد ایشیائی اسکواش کا اعزاز دوبارہ اپنے نام کیا ہے۔ انہوں نے اس شاندار کامیابی کو سربراہ پاک فضائیہ کی مسلسل سرپرستی اور بھرپور معاونت کا نتیجہ قرار دیا، جو ملک بھر میں اسکواش کے فروغ کے لیے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے بالخصوص نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، انہیں اپنی صلاحیتوں کے منوانے کے مواقع فراہم کرنے اور پاکستان کا عالمی اسکواش میں کھویا ہوا مقام بحال کرنے کے لیے ایئر چیف کی مستقل سرپرستی اور ادارہ جاتی معاونت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
پاک فضائیہ قومی کھیل اسکواش کے شاندار ماضی کی بحالی اور اس کے عالمی تشخص کو دوبارہ اجاگر کرنے کے لیے مسلسل مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔ ادارہ جاتی سرپرستی، عالمی معیار کے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی فراہمی اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی بھرپور معاونت کے ذریعے پاک فضائیہ پاکستان میں اسکواش کے فروغ اور ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ کی سرپرستی میں عالمی اسکواش میں پاکستان کی تاریخی بالادستی کی بحالی کے لیے مربوط اور مؤثر کوششوں کو نئی تقویت ملی ہے۔ ایشیا کی اس چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد اور مینز ٹیم ایونٹ میں پاکستان کی شاندار فتح اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاک فضائیہ کھیلوں کے اعلیٰ معیار کے فروغ اور قومی اسکواش کے احیاء کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button