
پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات بہتر ہو رہی ہیں، خواجہ عمران نذیر
صوبائی وزیر نے ہیلتھ کونسل فنڈز کی فوری فراہمی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں نمایاں اور دیرپا اصلاحات جاری ہیں
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پاکپتن کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، سی ٹی اسکین یونٹ اور فارمیسی کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران وزیر صحت نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا، جس پر مریضوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ تمام ادویات ہسپتال سے بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ اور سکیورٹی اسٹاف سے تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے بارے میں بھی پوچھ گچھ کی اور ڈیلی ویجز پر نکالے گئے 9 ملازمین کی فوری بحالی کے احکامات جاری کیے۔صوبائی وزیر نے ہیلتھ کونسل فنڈز کی فوری فراہمی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں نمایاں اور دیرپا اصلاحات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ سیلاب کے دوران محکمہ صحت کی کارکردگی مثالی رہی اور نہ کوئی وبائی مرض پھیلا اور نہ ہی سانپ کاٹنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
خواجہ عمران نذیر کے مطابق شوگر کے مریضوں کو گھر بیٹھے انسولین کی فراہمی جاری ہے جبکہ "کلینک آن ویلز” پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے نئی سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس کی کارکردگی کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال پاکپتن کو مثالی ہسپتال بنانے کے لیے اقدامات مسلسل جاری رہیں گے۔



