
پاکستان نیوی کا مقامی سطح پر تیار کردہ اینٹی شپ میزائل کامیاب تجربہ،صدر مملکت، وزیر اعظم پاکستان اور مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت نے اس کو اہم سنگِ میل قرار دیا
حکام کا کہنا ہے کہ اس میزائل کی کامیاب آزمائش پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری اور عملی مہارت کے امتزاج کی عکاسی کرتی ہے
پاکستان نیوی کا مقامی سطح پر تیار کردہ اینٹی شپ میزائل کامیاب تجربہ
پاکستان نیوی نے مقامی سطح پر تیار کردہ بحری جہاز سے داغے جانے والے اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا، جس میں ہدف کو دور سے تیز رفتاری کے ساتھ کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ تجربہ پاکستان نیوی کی جنگی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور ہدف کو درست نشانہ بنانے کی صلاحیت کا واضح مظہر ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اس اہم موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سمیت معروف سائنسدانوں اور انجینیئرز نے میزائل فائرنگ کا مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل جدید رہنمائی نظام سے لیس ہے اور اس میں دورانِ پرواز سمت تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے، جس کے باعث یہ ممکنہ خطرات سے بچتے ہوئے بدلتی ہوئی صورتحال میں اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنا سکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس میزائل کی کامیاب آزمائش پاکستان کی دفاعی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری اور عملی مہارت کے امتزاج کی عکاسی کرتی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ اقدام پاکستان نیوی کے اس عزم کا اظہار ہے کہ وہ سمندری حدود میں مؤثر دفاعی صلاحیت برقرار رکھتے ہوئے خطے میں بحری سلامتی کو یقینی بنائے گی۔
دفاعی ماہرین کے مطابق اینٹی شپ میزائل جدید بحری جنگ کا ایک اہم جزو ہیں، کیونکہ یہ دشمن کے جنگی جہازوں کو طویل فاصلے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کرتے ہیں۔ پاکستان اس سے قبل بھی مختلف نوعیت کے بحری دفاعی نظام تیار اور ان کی کامیاب آزمائش کر چکا ہے، جو اس کی دفاعی خود انحصاری کی پالیسی کا حصہ ہیں۔
صدر مملکت، وزیر اعظم پاکستان اور مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت نے اس کامیاب تجربے پر شریک یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کامیابی کو قومی دفاع کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔



