
مدثر احمد-امریکہ،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
واشنگٹن: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن ڈی سی میں مصروفیات کا چوتھا روز ہے۔ انہوں نے چینی وزیر خزانہ، پیپلز بینک آف چائنا کے گورنر، اوپیک فنڈ کے سربراہ اور موڈیز کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں، جن میں معاشی تعاون اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر چین کے وزیر خزانہ لان فوآن سے ملاقات کی اور پاکستان کے لیے چین کی دیرینہ حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کا بڑا حصہ اب چینی کرنسی یوان میں طے ہو رہا ہے۔
انہوں نے پیپلز بینک آف چائنا کے گورنر ڈاکٹر پان گونگ شینگ سے بھی علیحدہ ملاقات کی اور آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ میں پاکستان کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
وزیر خزانہ نے اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی ترقی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبد الحمید الخلیفہ سے ملاقات میں پاکستان کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعاون اور جاری منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے موڈیز کے نمائندوں سے ملاقات میں عالمی مالیاتی منڈیوں میں دوبارہ رسائی کے لیے پاکستان کی درمیانی مدت کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ایک اہم مالی معاہدے کی تقریب میں شرکت کی۔ یہ معاہدہ سعودی فنڈ برائے ترقی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان طے پایا، جس کے تحت 3 ارب ڈالر کے سعودی ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کی گئی۔ یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط اور دیرینہ اقتصادی تعلقات کا عکاس ہے اور اس سے پاکستان کے بیرونی مالی استحکام کو مزید تقویت ملے گی۔
وزیر خزانہ نے جے پی مورگن کے زیر اہتمام “پاکستان: معاشی و مالیاتی پالیسی کا جائزہ” کے عنوان سے منعقدہ سرمایہ کاری سیمینار میں شرکت کی، جہاں انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ پاکستان اپنی تمام بیرونی مالی ذمہ داریاں بروقت پوری کرے گا۔



