ناصر خٹک-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال سے پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی، جس میں صحت کے شعبے سمیت دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو سراہا۔
وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سمیت دیگر شہداء اور معصوم بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام اس مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے حالیہ تنازع کے دوران پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے مشکل حالات میں پاکستان کی جانب سے اظہارِ یکجہتی اور تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ فارماسیوٹیکل، ویکسین سازی اور دیگر طبی شعبوں میں ترقی کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری میں پاکستان کی نمایاں پیش رفت سے بھی ایرانی سفیر کو آگاہ کیا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک صحت کے شعبے میں قریبی اشتراک کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوں گے، جبکہ ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ صحت عامہ کے شعبے میں اشتراک کار کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق صحت کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک نے اعلیٰ سطحی کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے سی ای او ڈریپ، سی ای او قومی ادارہ صحت اور جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن کو نامزد کیا جا رہا ہے، جبکہ ایران بھی اپنی نمائندہ کمیٹی مقرر کرے گا، جو مشترکہ منصوبوں اور دوطرفہ تعاون کے مواقع کا تعین کرے گی۔


