
رانا ذاہد سپورٹس رپورٹر-پاکستان
پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی و دوستانہ تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی خوشی میں سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام پاک چین فرینڈشپ گیمز 2026 کا لاہور میں رنگا رنگ افتتاح ہوگیا۔ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنازیم ہال میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر اور عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل لاہور مسٹر سن یان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے گیمز کا باضابطہ افتتاح کیا، جبکہ اس موقع پر انہوں نے چینی قونصل جنرل کے ہمراہ گیمز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی۔ تقریب کے دوران صوبائی وزیر کھیل نے مقابلوں میں شریک کھلاڑیوں سے حلف لیا۔

افتتاحی تقریب میں وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک، سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ایڈیشنل سیکرٹری شبیر حسین چیمہ، پنجاب کے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران، کھیلوں سے وابستہ شخصیات، مختلف علاقوں سے آنے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز سمیت بڑی تعداد میں شرکا نے شرکت کی۔
70 ہزار کھلاڑیوں کے ٹرائلز، 2 ہزار سے زائد منتخب کھلاڑی شریک
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ پاک چین فرینڈشپ گیمز کا انعقاد پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ دوستی کی خوشی میں کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ملک بھر سے تقریباً 70 ہزار کھلاڑیوں نے ٹرائلز میں حصہ لیا، جن میں سے 2 ہزار سے زائد گرلز اور بوائز کھلاڑیوں کو گیمز میں شرکت کے لیے منتخب کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کو دونوں ممالک کے عوام اور حکومتوں کے درمیان اعتماد، باہمی احترام اور تعاون کی مضبوط بنیاد حاصل ہے۔ ان کے بقول دونوں ممالک نے مشکل اوقات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور یہی باہمی تعاون دوطرفہ تعلقات کی اہم خصوصیت ہے۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات صرف سفارتی سطح تک محدود نہیں بلکہ تجارت، معیشت، ثقافت، تعلیم اور کھیلوں سمیت مختلف شعبوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کو بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی ایک اہم مثال قرار دیا۔
کھیلوں کے ذریعے دوستی مزید مضبوط کرنے کا عزم
صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ پاک چین فرینڈشپ گیمز کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو مسابقتی ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان رابطوں کو کھیلوں کے ذریعے مزید مضبوط بنانا بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور سے دنیا کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ پاکستان کھیلوں کے ذریعے پاک چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کھیلوں کے شعبے میں ملک کے تمام صوبوں میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع، تربیت اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاک چین فرینڈشپ گیمز میں کامیاب کھلاڑیوں کے لیے مجموعی طور پر 55 لاکھ روپے کے انعامات رکھے گئے ہیں۔ ان کے مطابق مقابلوں میں ملک کے مختلف حصوں سے کھلاڑیوں کی شرکت اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان میں نوجوان نسل کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے میں بھرپور دلچسپی رکھتی ہے۔
چینی قونصل جنرل: گیمز پاک چین دوستی کی بہترین عکاسی ہیں
عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل لاہور مسٹر سن یان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک چین فرینڈشپ گیمز کو خوش آئند اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور عوامی روابط کی بہترین عکاسی کرتا ہے۔
چینی قونصل جنرل کے مطابق پاکستان اور چین نے کھیلوں کے علاوہ تجارت، معیشت، ثقافت، تعلیم، سکیورٹی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کیا ہے۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کو دونوں ممالک کے درمیان بااعتماد تعاون کی ایک اہم مثال قرار دیا۔
مسٹر سن یان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ دورہ چین کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون اور مل کر کام کرنے سے متعلق چینی قیادت کے ساتھ بات چیت ہوئی۔ ان کے مطابق کھیلوں کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ عوامی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
چینی قونصل جنرل نے کہا کہ نوجوانوں اور کھلاڑیوں کے درمیان روابط بڑھانے سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی ثقافت اور صلاحیتوں کو مزید قریب سے سمجھ سکیں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر ’’پاک چین دوستی زندہ باد‘‘ کا نعرہ بھی لگایا۔
کوچز اور کھلاڑیوں کے تبادلے کی تجویز
سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے بھی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان کھیلوں کے شعبے میں باہمی تعاون سے دونوں ممالک میں کھیلوں کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ دونوں ممالک کے کوچز اور کھلاڑیوں کے لیے باہمی تبادلے کے تحت تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں۔ ان کے مطابق ایسے پروگراموں کے ذریعے کھلاڑیوں اور کوچز کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور جدید تربیتی طریقوں کو سمجھنے کے مواقع مل سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے کھیلوں کے شعبے کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
ٹرافی کی رونمائی، سوینئرز کا تبادلہ
افتتاحی تقریب کے دوران صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر اور چینی قونصل جنرل لاہور مسٹر سن یان نے پاک چین فرینڈشپ گیمز 2026 کی ٹرافی کی رونمائی کی۔
بعد ازاں صوبائی وزیر کھیل پنجاب نے چینی قونصل جنرل کو سوینئر پیش کیا، جبکہ مسٹر سن یان نے بھی صوبائی وزیر کھیل کو سوینئر پیش کیا۔ مہمان خصوصی کی جانب سے وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک، سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کو بھی سوینئرز پیش کیے گئے۔
چاروں صوبوں کی ثقافتی جھلکیاں
پاک چین فرینڈشپ گیمز 2026 کی افتتاحی تقریب کو یادگار بنانے کے لیے پاکستان کے مختلف صوبوں کی ثقافت کی عکاسی کرنے والی خصوصی پرفارمنسز بھی پیش کی گئیں۔
ثقافتی پروگرام کے ذریعے پاکستان کے مختلف علاقوں کے روایتی رنگ، ثقافتی تنوع اور قومی یکجہتی کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں شریک کھلاڑیوں اور مہمانوں نے ان پرفارمنسز کو سراہا۔
پاک چین فرینڈشپ گیمز 2026 کے افتتاح کے ساتھ لاہور میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا ایک اہم سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جس میں ملک بھر سے منتخب ہونے والے دو ہزار سے زائد نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ منتظمین کے مطابق کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ یہ ایونٹ پاکستان اور چین کے درمیان عوامی روابط اور دوستی کو کھیلوں کے ذریعے اجاگر کرنے کا ذریعہ بھی بن رہا ہے۔



