
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کی روشنی میں مریضوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے ۔ پرنسپل پروفیسر جودت سلیم
جنرل ہسپتال میں مریض دوست ماحول اور موثر مانیٹرنگ کے لیے اعلیٰ سطح کی ویجلینس کمیٹی تشکیل،پروفیسر حسن سلیمان کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی وارڈز، ایمرجنسی، حاضری، صفائی اور سکیورٹی کا سرپرائز معائنہ کرے گی
ناصف اعوان-ادارت
پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم نے جنرل ہسپتال میں مریض دوست ماحول کے فروغ اور مانیٹرنگ کے موثر نظام کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی ویجلینس کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جس کے چیئرمین پروفیسر آف پیڈیاٹرک گیسٹرو اینٹرالوجی ڈاکٹر حسن سلیمان جبکہ ایسوسی ایٹ پروفیسر آف پیتھالوجی ڈاکٹر آمنہ آصف اور سینئر رجسٹرار آرتھوپیڈک سرجری ڈاکٹر مبشر فرحان ممبران ہوں گے۔ یہ کمیٹی وارڈز، ایمرجنسی، او پی ڈیز اور ہسپتال کے دیگر شعبوں کا باقاعدہ اور اچانک معائنہ کرنے کے ساتھ حاضری، ڈسپلین، مریضوں کی بہتر نگہداشت، ریکارڈ کی پڑتال اور سٹاک کا جائزہ لے سکے گی۔ کمیٹی جنٹوریل عملے کی حاضری، تعیناتی اور صفائی کے معیار کی کڑی نگرانی کرے گی، جبکہ ہسپتال کے اندر سکیورٹی عملے کی موجودگی، راؤنڈ دی کلاک صفائی کے بہتر معیار اور نظم و ضبط کے انتظامات کا جائزہ لینے کے علاوہ ویسٹ ڈسپوزل، سینیٹیشن اور انفیکشن سے بچاؤ کے طریقہ کار پر عمل درآمد کا بھی معائنہ کرے گی اور سکیورٹی اہلکار ہمہ وقت الرٹ رہیں گے۔ اس کے علاوہ مریضوں کی دیکھ بھال، حفاظت اور تیمارداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے انتظامی ڈاکٹرز کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جائیں گے اور مشاہدات، اٹھائے گئے اقدامات و تجاویز پر مشتمل ہفتہ وار رپورٹ پرنسپل کو پیش کی جائے گی جبکہ کسی بھی سنگین غفلت کی فوری اطلاع دی جائے گی۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر جودت سلیم کا کہنا تھا کہ ادارے کی کارکردگی میں اضافے کے لیے موثر مانیٹرنگ انتہائی ضروری ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ ویژن کی روشنی میں مریض دوست ماحول کو فروغ دینے کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی، انہوں نے ہسپتال کے تمام متعلقہ شعبوں اور انتظامی ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ کمیٹی کے ساتھ مکمل تعاون اور جاری کردہ ہدایات کی بروقت تعمیل کو یقینی بنائیں۔



