
”شی تھریڈ“ پروگرام کے تحت 1150 دیہی خواتین ٹیکسٹائل ٹریننگ حاصل کر کے برسرِ روزگار ہو گئیں
پروگرام کے تحت لاہور کے قریب ملتان روڈ پر واقع شاہکام انڈسٹری میں ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا ہے
ناصف اعوان-ادارت
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دیہی خواتین کے لیے ٹیکسٹائل ٹریننگ کے بے مثال پروگرام ”شی تھریڈ“ کے تحت اب تک 1150 دیہی خواتین ٹیکسٹائل ٹریننگ مکمل کر کے برسرِ روزگار ہو چکی ہیں، جبکہ وزیراعلیٰ نے جون تک کل 2500 دیہی خواتین کی ٹریننگ کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔
محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کے زیرِ اہتمام شروع کیے جانے والے اس پروگرام کے تحت گاؤں کی خواتین کو ٹیکسٹائل ٹریننگ کے ساتھ ساتھ ماہانہ 15 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا، اور 3 ماہ کے اس کورس (جس میں کلاس روم، تدریس اور پریکٹیکل ٹریننگ شامل ہے) کی تکمیل کے بعد انہیں ٹیکسٹائل انڈسٹری میں باوقار روزگار بھی فراہم کیا جائے گا۔پروگرام کے تحت لاہور کے قریب ملتان روڈ پر واقع شاہکام انڈسٹری میں ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں دیہی خواتین کو انڈسٹریل سلائی مشین آپریٹر اور اپیرل سپروائزر کی ٹریننگ دی جائے گی۔
رجسٹریشن کے لیے امیدوار خواتین کی عمر 18 سے 45 سال، تعلیمی قابلیت میٹرک اور پنجاب کا رہائشی/ڈومیسائل ہونا ضروری ہے۔ خواتین اپنے قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل کے ساتھ شاہکام انڈسٹریز میں درخواست دے سکتی ہیں، جبکہ ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد داخلے سے قبل حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز، یونین کونسل سیکرٹریز اور متعلقہ ضلعی دفاتر سے بھی رجسٹریشن کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دیہی خواتین کو مارکیٹ بیسڈ ٹریننگ دے کر باوقار روزگار کا اہل بنانا ہے اور انہیں مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہنر سکھا کر ٹیکسٹائل انڈسٹری میں روزگار فراہم کیا جائے گا۔



