وزیراعظم کی تین بڑے ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت
وزیراعظم نے ابتدائی طور پر ملک کے تین بڑے ہوائی اڈوں، جناح انٹرنیشنل کراچی، اسلام آباد انٹرنیشنل اور علامہ اقبال انٹرنیشنل لاہور کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آؤٹ سورسنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت جاری....
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے تین بڑے ہوائی اڈوں، جناح انٹرنیشنل کراچی، اسلام آباد انٹرنیشنل اور علامہ اقبال انٹرنیشنل لاہور کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آؤٹ سورسنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جمعے کو وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا بازی اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے امور پر ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کو پاکستانی ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔شرکا کو بتایا گیا کہ دنیا بھر میں ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ معمول کا منافع بخش عمل ہے اور اسے انٹرنیشنل بیسٹ پریکٹسز میں شمار کیا جاتا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ’ابتدائی طور پر ملک کے دو بڑے ہوائی اڈوں جناح انٹرنیشنل کراچی اور اسلام آباد انٹرنیشنل کی آؤٹ سورسنگ کی جائے گی اور یہ عمل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیا جائے گا۔ ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ سے ناصرف حکومت کو منافع ملے گا بلکہ ایئرپورٹس پر مسافروں کو بین الاقوامی سطح کی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔‘
وزیراعظم نے ابتدائی طور پر ملک کے تین بڑے ہوائی اڈوں، جناح انٹرنیشنل کراچی، اسلام آباد انٹرنیشنل اور علامہ اقبال انٹرنیشنل لاہور کی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آؤٹ سورسنگ کا عمل شروع کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’تمام متعلقہ ادارے اس سلسلے میں تیز تر اقدامات کریں اور اس تمام عمل میں شفافیت کا خاص خیال رکھا جائے۔‘
ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کا عمل مؤثر اور ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے حوالے سے وزیراعظم نے ایک خصوصی کمیٹی بنانے کی ہدایت کر دی جس کی صدارت خود وزیراعظم کریں گے۔
کمیٹی میں وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی سیکریٹری ہوا بازی ڈویژن اور وفاقی سیکریٹری منصوبہ بندی شامل ہوں گے۔
اجلاس کو پی آئی اے کی کارکردگی کے حوالے سے بتایا گیا کہ ’پی آئی اے نے سنہ 2022 کے دوران 172 بلین روپے کا ریونیو حاصل کیا جو کہ ایئرلائن کی تاریخ کا اب تک کا سب سے زیادہ ریونیو ہے۔‘