تحریک انصاف وزیراعظم کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گی: اسد عمر
اسد عمر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کو شرم آنی چاہیے، یہ قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عوام کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔‘ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ’ہمارے رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں تو کیسے ان کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں۔‘
پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ اُن کی جماعت وزیراعظم شہباز شریف کی بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گی۔
جمعرات کو لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اُن کا کہنا تھا کہ ’حکومت ڈھونگ رچا رہی ہے، یہ تاثر دینا چاہ رہی ہے کہ مل کر فیصلہ کرنا چاہیے۔‘
اسد عمر نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کو شرم آنی چاہیے، یہ قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ عوام کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔‘
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ’ہمارے رہنماؤں پر جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں تو کیسے ان کے ساتھ بیٹھ سکتے ہیں۔‘
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اہم قومی چیلنجز پر تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 7 فروری کو ‘کل جماعتی کانفرنس’ (اے پی سی) بلانے کا اعلان کیا تھا۔
جمعرات کی شب وزیراعظم ہاؤس سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق اے پی سی اسلام آباد میں ہوگی۔ ’تمام قومی سیاسی قائدین کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی گئی۔ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کے چئیرمن عمران خان کو بھی اے پی سی میں بلایا ہے۔‘
وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں اسد قیصر اور پرویز خٹک سے رابطے کر کے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کا دعوت نامہ پہنچایا۔
وزیراعظم نے پشاور میں ہونے والی ایپیکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دی تھی تاہم تحریک اںصاف نے شرکت سے انکار کیا۔
سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو اپنی جماعت کے نامزد نمائندوں کے ناموں سے آگاہ کرنے کی درخواست کی۔