
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شنگھائی میں منعقدہ ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے مؤثر نفاذ اور کشیدگی میں کمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری اور مذاکرات کو بہترین راستہ قرار دیا۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ متعلقہ ممالک کو مذاکرات کا عمل فوری طور پر دوبارہ شروع کرنا چاہیے، اپنے وعدوں کی پاسداری یقینی بنانی چاہیے اور ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ کے تحت جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد کرنا چاہیے تاکہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اور وانگ ژی نے پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ملاقات میں سی پیک کے دوسرے مرحلے (CPEC-II)، تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔



