اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی ضمانت منظور، فوری رہا کرنے کا حکم

سماعت کے دوران پراسیکیوٹر راجہ نوید نے عدالت کو بتایا رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ بھی مقدمے میں نامزد ہیں اور جو دفعات لگائی گئی ہیں ان کی سزا کم سے کم تین سال ہے۔

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)‏انسداد دہشت گردی کی عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے دس گرفتار ایم این ایز کی تمام مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
پیر کو انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے تمام ایم این ایز کی فوری رہائی کا حکم دیا۔
سماعت کے دوران پراسیکیوٹر راجہ نوید نے عدالت کو بتایا رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ بھی مقدمے میں نامزد ہیں اور جو دفعات لگائی گئی ہیں ان کی سزا کم سے کم تین سال ہے۔
پراسیکیوٹر نے عدالت سے احمد چٹھہ کی ضمانت منظور نہ کرنے کی استدا کی۔
اس پر جج ابو الحسنات محمد ذولقرنین نے سوال کیا کہ کیا شیر افضل مروت، احمد چٹھہ اور دیگر ایم این ایز سے کچھ برآمد ہوا ہے، جس پر پراسیکیوٹر نے نفی میں جواب دیا۔
پی ٹی آئی ایم این ایز پر تھانہ سنگجانی، ترنول، نون اور تھانہ سنبل میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔ ان ایم این ایز میں شیر افضل مروت، شیخ وقاص اور احمد چٹھہ شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے 8 ستمبر کو ہونے والے سنگجانی جلسے کے بعد پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر سمیت 11 ارکان کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان ارکان میں وقاص اکرم شیخ، زین قریشی، ملک اویس، ملک عامر ڈوگر، احمد چٹھہ، زبیر خان، احد علی شاہ، نسیم علی شاہ، شیر افضل مروت اور یوسف خان شامل ہیں۔ تاہم بعد میں بیرسٹر گوہر کو رہا کر دیا گیا تھا۔
جلسے کے لیے جاری این او سی کی خلاف ورزی اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی سخت تقاریر کے ردِعمل میں تحریک انصاف کے ان رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button