
ایجنسیاں
وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونے والے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ احمد آباد کے قریب بھارتی ائیر لائن کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہونے کے حادثے پر افسردہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کے خاندانوں سے اظہارِتعزیت کرتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہماری دعائیں اور نیک تمنائیں اس دل سوز حادثے سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں بھارت میں طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ المناک سانحہ سرحدوں سے بالاتر ہے اور ہمیں مشترکہ انسانیت کی یاد دلاتا ہے، وزیر اعظم مودی اور بھارت کے عوام سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
ادھر پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایکس پر اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’انڈین گجرات کے شہر احمد آباد میں ایئر انڈیا کی پرواز کے حادثے پر غمزدہ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اس المناک سانحہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہیں۔ دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
قبل ازیں وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہمیں احمد آباد میں آج ایئر انڈیا کی فلائٹ اے آئی 171 کے کریش ہونے پر گہرا دکھ ہے۔ ہماری نیک تمنائیں اور دعائیں تمام متاثرہ افراد اور ان کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں۔
سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی طیارہ حادثے اور اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ آج سہ پہر بھارت کی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کے لیے اڑان بھرنے والا ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کی عمارت پر گر کر تباہ ہوگیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثے میں اب تک 200 سے زائد مسافروں کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کیونکہ طیارے پر عملے سمیت 242 مسافر سوار تھے، اور طیارہ شہری آبادی پر گرا ہے۔