پاکستان پریس ریلیز

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا مزدوروں کے بچوں کے لیے تاریخی تعلیمی اقدام، مفت تعلیم کا اعلان

معذور اور فوت شدہ ورکرز کے بچوں کو بھی کامسیٹس یونیورسٹی میں مفت تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی

پاکستان پنجاب پریس ریلیز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مزدوروں اور مائنز ورکرز کے بچوں کے لیے ایک شاندار تعلیمی اقدام کا اعلان کیا ہے جس کے تحت انہیں ملک کے اعلیٰ ترین تعلیمی ادارے، کامسیٹس یونیورسٹی (COMSATS University) کے مختلف کیمپسز میں مفت تعلیم دی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد مزدور طبقے کے بچوں کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب ورکر ویلفیئر فنڈ نے اس پروگرام کے تحت کارکنوں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ اس منصوبے کے تحت ورکرز کے بچے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، اور اس کے سب کیمپسز ایبٹ آباد، واہ، اٹک، لاہور، ساہیوال اور وہاڑی میں داخلہ لے سکیں گے۔ ان تمام طلباء کی فیسیں حکومت پنجاب ادا کرے گی۔
اس اقدام کی خاص بات یہ ہے کہ معذور اور فوت شدہ ورکرز کے بچوں کو بھی کامسیٹس یونیورسٹی میں مفت تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
رجسٹرڈ ورکرز کے بچے کامسیٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر آن لائن اپلائی کریں گے اور مطلوبہ دستاویزات ایڈمیشن فارم کے ساتھ جمع کرائیں گے
درخواست فارم کے ساتھ ورکر کا قومی شناختی کارڈ، رجسٹرڈ سرٹیفکیٹ، طالب علم کا قومی شناختی کارڈ یا بے فارم، اور سوشل سکیورٹی کارڈ یا اولڈ ایج بینیفٹ کی کاپی منسلک کرنا لازمی ہوگا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "ورکر ہمارے سر کا تاج ہے، ہم انہیں تعلیم اور صحت سمیت ہر ممکن سہولت دیں گے۔” انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے ہر ورکر کے بچوں کے لیے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے دروازے کھولے جا رہے ہیں تاکہ پنجاب میں کوئی بچہ، خواہ وہ مزدور کا ہی کیوں نہ ہو، اب تعلیم سے محروم نہ رہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button