
پاکستان کی ملکی تاریخ کی سب سے بڑی وزیراعلیٰ پنجاب نیشنل میراتھن اور سائیکلنگ ریس2026 کا شاندار انعقاد
نیشنل میراتھن اور سائیکلنگ ریس میں سندھ اور خیبر پختونخوا کے اتھلیٹس نے بھی نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں، جو بین الصوبائی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے،ملک فیصل ایوب کھوکھر
ناصف اعوان-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام ملکی تاریخ کی سب سے بڑی وزیراعلیٰ پنجاب نیشنل میراتھن اور سائیکلنگ ریس کا شاندارانعقاد کیا گیا، صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے لبرٹی چوک میں میراتھن اور سائیکلنگ ریس کا باقاعدہ افتتاح کیا اور خود بھی سائیکلنگ ریس میں حصہ لیا، میگا ایونٹ میں 11ہزار سے زائد اتھلیٹس اور شہریوں نے شرکت کی، صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے جیتنے والے اتھلیٹس میں 38لاکھ سے زائد کے انعامات تقسیم کئے، اس موقع پر وائس چیئرمین سلمان ملک،سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ڈی سی لاہور محمد علی اعجاز،سپورٹس کوآرڈینٹر ملک انوش کھوکھر ویگر بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھرنے اتوار کے روز لبرٹی چوک میں وزیراعلیٰ پنجاب نیشنل میراتھن اور سائیکلنگ ریس 2026کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی وزیراعلیٰ پنجاب نیشنل میراتھن اور سائیکلنگ ریس کا انعقاد کیا گیا ہے،میگا ایونٹ میں 11ہزار سے زائد اتھلیٹس کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ نوجوان نسل کھیلوں کی جانب راغب ہو رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے تحت صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ کیلئے مثالی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور آج پاکستان کو حقیقی معنوں میں کھیلتا ہوا پاکستان بنایا جا رہا ہے،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے اس میگا ایونٹ کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں، اکتوبر اور نومبر میں میراتھن اور سائیکلنگ ریس کا انعقاد کرنے جارہے ہیں جس کیلئے ایک لاکھ اتھلیٹس کی رجسٹریشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،دبئی کی میراتھن کا ہم نے مقابلہ کرنا ہے،صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا ہے کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نیشنل میراتھن اور سائیکلنگ ریس میں سندھ اور خیبر پختونخوا کے اتھلیٹس نے بھی نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں، جو بین الصوبائی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے، صوبہ پنجاب دیگر صوبوں کے ساتھ کھیلوں کے فروغ کیلئے مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا، ایسے اقدامات سے پاکستان میں کھیلوں کا مضبوط کلچر فروغ پائے گا،صوبائی وزیر کھیل نے کہا ہے کہ ایسے بڑے سپورٹس ایونٹس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع ملتے ہیں، جو مستقبل میں پاکستان کے کھیلوں کے روشن امکانات کی ضمانت ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب نیشنل میراتھن اور سائیکلنگ ریس میں ویل چیئر اتھلیٹس کیلئے خصوصی انعامات بھی رکھے گئے ہیں ویل چیئر میں شرکت کرنے والے تمام سپیشل اتھلیٹس کو انعامات دیئے گئے،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے میگا ایونٹ کے دوران کھلاڑیوں کیلئے پانی،میڈیکل، سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے۔
لبرٹی چوک سے شروع ہونیوالی 21 کلومیٹر مردوں کی میراتھن میں ساہیوال کے اتھلیٹس نے میدان مارلیا اور پہلی تینوں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے، محمد اختر نے پہلی محمد عامر نے دوسری اور محمد عرفان نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے پوزیشن حاصل کرنے والوں کو بالترتیب 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 1 لاکھ روپے کے انعامات دیے گئے،21 کلومیٹر مردوں کی سائیکلنگ ریس میں کراچی کے علی الیاس نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر 2لاکھ جبکہ لاہور کے عاقب شاہ دوسرے نمبر پر رہے انہیں ایک لاکھ روپے اور خیبرپختونخوا کے ثناء اللہ تیسرے نمبر پر رہے انہیں 50ہزار روپے کے انعامات دیئے گئے،5 کلومیٹر وومن میراتھن میں ماہ نور نے پہلی، نازیہ احسان نے دوسری جبکہ ماریہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انعامی رقم بالترتیب 2 لاکھ، 1 لاکھ اور 50 ہزار روپے دی گئی،5 کلومیٹر وومن سائیکلنگ ریس میں کراچی کی فی میل نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا،کراچی کی زینب، انیسہ اور رابعہ غرید نے بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی،پہلی پوزیشن کو ایک لاکھ، دوسری پوزیشن کو 50ہزار اور تیسری پوزیشن پر ر 25 ہزار روپے کے انعامات دیے گئے،ویل چیئر ریس میں احمد یار نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ زاہد نذیر دوسرے اور نواز راشد تیسرے نمبر پر رہے۔ ان کھلاڑیوں کو بالترتیب 75 ہزار، 50 ہزار اور 25 ہزار روپے کے انعامات دیے گئے۔ ویل چیئر ریس میں واحد فی میل اتھلیٹ رابعہ نواز نے بھی شرکت کی،جن کو صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کی جانب سے 50ہزار روپے کا خصوصی انعا م دیا گیا جبکہ دیگر تمام شریک اتھلیٹس کو فی کس 10 ہزار روپے کے انعامات دیئے گئے،تمام ریسز میں 4 سے20 پوزیشن تک آنے والے اتھلیٹس کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔
اختتامی تقریب کے موقع پرصوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کو سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے یادگاری سووینئر پیش کیا، جبکہ صوبائی وزیر کھیل نے وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد علی،ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی،سپورٹس کوآرڈینٹر ملک انوش کھوکھر،سی ای او پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ کو سوینئر دیئے۔



