اسلام آباد:وزیرداخلہ کی صدارت میں اجلاس،عوامی منصوبوں پر پیش رفت اور نئے منصوبوں کا جائزہ
کسی بھی غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹی کو اسلام آباد میں کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جدید سپورٹس کمپلیکس بھی بنائے جائیں گے
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں اجلاس ہوا۔ اجلا س میں عوامی منصوبوں پر پیش رفت اور نئے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر سی ڈی اے کا تمام ریکارڈ ڈیجیٹلائزڈ کرنے سمیت ایف 6 میں خدمت مرکز منصوبے کے لئے اراضی مختص کرنے فیصلہ بھی کیا گیا ۔
وفاقی وزیر داخلہ نے ایکسپریس وے اور کلب روڈ کی بیوٹیفیکیشن اور لائٹنگ پر بھی کام فوری شروع کرنے حکم دیا ۔ انہوں نے کہاکہ سی ڈی اے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن 120 دن میں کی جائے گی، جس کے بعد شہری خود درخواستوں کا اپ ڈیٹ سٹیٹس معلوم کر سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ نئےکنونشن سنٹر ، ایکسپو سنٹر اور اسلام آبار ارینا کی تعمیر کیلئے 3 بین الاقوامی کمپنیوں کی پری کوالیفکیشن مکمل ہو گئی ۔ منصوبوں کی تعمیر ایس سی او سمٹ سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے ٹاپ گالف، ہاٹ ایئر بیلون، زپ لائن، واٹر پارک اور امیوزمنٹ پارک پر کام کا جلد آغاز کرنے کے ساتھ ایف نائن پارک کو ہائیڈ پارک کی طرز پر اور شاہدرہ ڈیم کے ساتھ تفریحی سہولیات کا جامع پلان بھی طلب کر لیا۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ کسی بھی غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹی کو اسلام آباد میں کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی۔ کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے جدید سپورٹس کمپلیکس بھی بنائے جائیں گے۔وزیر داخلہ نے سی ڈی اے میں کرپشن سکینڈل بے نقاب کرنے پر چیئرمین سی ڈی اے کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ کرپشن میں ملوث کسی فرد کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔



