بین الاقوامیاہم خبریں

بھارت: تلنگانہ شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں، 34 اموات، کئی اضلاع میں درجۂ حرارت 46.5 ڈگری تک پہنچ گیا

محکمہ موسمیات کے مطابق صورتحال اس قدر سنگین ہے کہ رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت کم نہیں ہورہی۔

https://vogurdunews.de/our-team/

By Voice of Germanu Urdu News Team

Published : May 23, 2026 at 3:09 PM IST

حیدرآباد: تلنگانہ اس وقت شدید گرمی اور خطرناک ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہے جہاں سورج کی تپش نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ریاست کے بالخصوص شمالی اضلاع میں درجۂ حرارت مسلسل خطرناک سطح پر پہنچ رہا ہے جبکہ صرف جمعہ کے روز گرمی کی شدت اور لو لگنے سے کم از کم 34 افراد کی موت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آنے والے چار دنوں کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے متعدد اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ریاست کے 244 منڈلوں میں شدید ہیٹ ویو کا اثر ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے زیادہ درجۂ حرارت آصف آباد ضلع کے سرپور (ٹی) علاقے میں 46.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جبکہ 16 اضلاع میں درجۂ حرارت 46.2 سے 46.5 ڈگری کے درمیان رہا۔ شدید گرمی اور جھلسا دینے والی ہواؤں کے باعث عوام گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے اور دن کے اوقات میں سڑکیں سنسان دکھائی دیں۔

ریاست بھر میں گرمی سے ہونے والی اموات میں عادل آباد ضلع سب سے زیادہ متاثر رہا جہاں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ مرنے والوں میں بزرگ، مزدور، کسان اور روزانہ محنت مزدوری کرنے والے افراد شامل ہیں۔ نظام آباد، جگتیال، پداپلی، سنگاریڈی، جئے شنکر بھوپال پلی، محبوب آباد، نلگنڈہ، کھمم، ورنگل اور دیگر اضلاع سے بھی اموات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صورتحال اس قدر سنگین ہے کہ رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت کم نہیں ہورہی۔ عام طور پر سورج غروب ہونے کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلتی ہیں، مگر اس مرتبہ رات کے وقت بھی درجۂ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ حکیم پیٹ میں رات کا درجۂ حرارت 29.7 ڈگری تک پہنچ گیا، جو معمول سے تقریباً 5 ڈگری زیادہ تھا۔ اسی طرح عادل آباد، ہنمکنڈہ، نظام آباد اور حیدرآباد میں بھی رات کا درجۂ حرارت غیر معمولی طور پر بلند رہا۔

محکمہ موسمیات نے ہفتہ کے روز 18 اضلاع میں شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ عادل آباد، آصف آباد، منچریال، نرمل، نظام آباد، جگتیال، کریم نگر، پداپلی، ملگ، کھمم، سوریاپیٹ، محبوب نگر، ورنگل اور ہنمکنڈہ سمیت کئی اضلاع کے عوام کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اتوار، پیر اور منگل کو بھی مختلف اضلاع میں ہیٹ ویو برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ نے صنعتی اداروں اور فیکٹریوں کو بھی ہدایت دی ہے کہ مزدوروں کیلئے ’’روٹیشن سسٹم‘‘ اپنایا جائے تاکہ انہیں مسلسل دھوپ میں کام نہ کرنا پڑے۔ شہری علاقوں میں ’’کول وارڈس‘‘ قائم کرنے اور ہیٹ ویو متاثرین کیلئے خصوصی طبی سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت تلنگانہ نے حال ہی میں ہیٹ ویو سے ہونے والی اموات پر معاوضہ کی رقم 50 ہزار روپے سے بڑھا کر 4 لاکھ روپے کردی ہے۔ حکام کے مطابق پولیس، ریونیو اور محکمہ صحت کے افسران پر مشتمل کمیٹی ہیٹ اسٹروک سے ہونے والی اموات کی تصدیق کرے گی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button