یورپتازہ ترین

الٹرا فاسٹ فیشن کمپنیوں سے متعلق تین یورپی ممالک کا مطالبہ

''ہم دیکھ رہے ہیں کہ ایسے اداروں کی وجہ سے ماحول اور تحفظ ماحول کی کوششوں دونوں پر شدید دباؤ پڑ رہا ہے۔‘‘

ڈی پی اے کے ساتھ

جرمنی سمیت یورپی یونین کے تین رکن ممالک نے الٹرا فاسٹ فیشن کمپنیوں اور تحفظ ماحول سے متعلق ایک نیا مطالبہ کر دیا ہے۔ ان ممالک کا ارادہ ہے کہ ایسی کمپنیوں کو تحفظ ماحول کے لیے بہت سختی سے زیادہ جواب دہ بنایا جائے۔

ان تینوں ممالک کا کہنا ہے کہ ایسے پیداواری اداروں کی وجہ سے ہونے والے ماحولیاتی نقصانات کے ازالے کی کوششوں میں سخت تر ضوابط کے ساتھ ساتھ ان اداروں کو بھی زیادہ جواب دہ بنایا جانا چاہیے۔

لکسمبرگ کے دارالحکومت لکسمبرگ سٹی میں یورپی یونین کے وزرائے ماحولیات کے ایک اجلاس کے موقع پر جرمن وزارت تحفظ ماحول کے اسٹیٹ سیکرٹری یوخن فلاس بارتھ نے کہا، ”ہم دیکھ رہے ہیں کہ ایسے اداروں کی وجہ سے ماحول اور تحفظ ماحول کی کوششوں دونوں پر شدید دباؤ پڑ رہا ہے۔‘‘

فرانس میں کسٹمز حکام کی طرف سے چیکنگ کے لیے کھولے گئے اور آن لائن خریدے گئے الٹرا فاسٹ فیشن مصنوعات کے ایک پیکٹ کی ایک تصویر
فرانس میں کسٹمز حکام کی طرف سے چیکنگ کے لیے کھولے گئے اور آن لائن خریدے گئے الٹرا فاسٹ فیشن مصنوعات کے ایک پیکٹ کی ایک تصویرتصویر: Jérémy Paoloni/ABACA/picture alliance

یوخن فلاس بارتھ نے کہا، ”اس مقصد کے لیے استعمال کیے جانے والے وسائل بے تحاشا ہیں۔ یہ کمپنیاں بہت زیادہ ٹیکسٹائل ویسٹ کی شکل میں کوڑے کا باعث بن رہی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس رجحان کی حوصلہ شکنی کی جائے۔‘‘

الٹرا فاسٹ فیشن ہے کیا؟

فیشن اور کاروباری دنیا میں الٹرا فاسٹ فیشن انڈسٹری کی اصطلاح سے مراد ایسے کاروبار اور پیداواری شعبے ہیں، جو وسیع پیمانے پر کم قیمت اور کم معیار کے ایسے ملبوسات تیار کرتے ہیں، جو زیادہ تر آن لائن فروخت کیے جاتے ہیں اور جن کے لیے ‘انتہائی تیز‘ کے الفاظ اس لیے استعمال کیے جاتے ہیں کہ یوں کسی بھی نئے فیشن یا رجحان کو فوری طور پر صارفین تک پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

اس عمل میں انٹرنیٹ مارکیٹنگ ڈیٹا بھی استعمال کیا جاتا ہے، مگر اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ یوں ٹیکسٹائل کی شکل میں بہت زیادہ ٹھوس کوڑا پیدا ہوتا ہے، جو ماحول کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔

ایک دکان میں رکھے گئے برائے فروخت ملبوسات
یورپی یونین فیشن انڈسٹری کے باعث ٹیکسٹائل کوڑے کے مسئلے کو زیادہ سے زیادہ حد تک حل کر لینا چاہتی ہےتصویر: Adriana Adie/NurPhoto/picture alliance

اس رجحان کے خلاف فعال تین یورپی ممالک جرمنی، فرانس اور نیدرلینڈز اب یہ چاہتے ہیں کہ اس فیشن انڈسٹری کو زیادہ ذمے داری سے کام کرنا چاہیے، زیادہ سے زیادہ خام مال ری سائیکلنگ سے تیار کیا ہوا ہونا چاہیے اور یورپ میں اس حوالے سے موجودہ ضوابط کو سخت تر بنایا جانا چاہیے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button