
سید عا طف ندیم-ادارت
صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں ’یادگارِ فتح‘ کا افتتاح کر دیا۔
جمعرات کے روز صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی اور کمال فن تعمیر کے شاہکار ’ یادگار فتح‘ کا افتتاح کیا گیا، جو آنے والی نسلوں تک معرکہ حق کی داستانیں سناتا رہے گا۔
یادگار فتح میں مستقل طور پر پروجیکشن میپنگ کا جدید نظام نصب کیا گیا ہے، جو ایک لاکھ 20 ہزار لیومن ٹیکنالوجی پر مشتمل تھا، پروجیکشن میپنگ کے ذریعے یادگار فتح پر روشنی، موسیقی اور فنِ تعمیر کا حسین امتزاج پیش کیا گیا۔
افتتاح کے موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے۔
اس موقع پر عسکری و سیاسی قیادت، وزرا اور غیر ملکی سفارت کاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ وفاقی وزرا، سول اور عسکری حکام کے ساتھ چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کی پولیس کے دستوں نے بھی خصوصی حاضری درج کرائی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ یادگار افواجِ پاکستان کی برتری اور دشمن پر فتح کی علامت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پانی کی ایک بوند بھی ہماری ریڈ لائن ہے، ہم امن کے حامی ہیں مگر اسے کمزوری سمجھنے کی غلطی نہ کی جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت راہِ راست پر نہ آیا تو اسے براہِ راست جواب دیا جائے گا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا علمبردار ہے اور امریکا و ایران کے درمیان ثالثی کا اہم کردار ادا کر کے عالمی سطح پر اپنی اہمیت منوا چکا ہے۔
افغانستان کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ انہوں نے سابق امریکی صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی سے لاکھوں قیمتی جانیں بچانے میں مدد ملی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یادگارِ فتح ہمارے شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کی لازوال داستان ہے۔ انہوں نے غزہ میں جاری نسل کشی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ گریٹر اسرائیل کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا، عالمی برادری کو اس پر آواز اٹھانی چاہیے۔
صدر نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کرنے پر آرمی چیف اور نائب وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان خطے کے استحکام کے لیے پرعزم ہے اور دفاعی معاہدوں کے ذریعے اپنی سلامتی کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلح افواج نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقعے پر اپنے الگ الگ پیغامات میں پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ جس بھی شعبے میں خدمات انجام دے رہے ہیں، ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
پاکستانی عوام 14 اگست 2026 کو ملک کی 79 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس موقعے پر ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقریبات، آتش بازی اور عوامی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
پاکستان نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں ایک سیاسی جدوجہد کے بعد 14 اگست، 1947 کو آزادی حاصل کی، جس کے نتیجے میں ایک خود مختار ریاست کا قیام عمل میں آیا۔



