
اہم خبریںپاکستان
پاکستان کا پانی ریڈ لائن، کسی بھی خطرے کا دندان شکن جواب دیں گے: وزیراعظم شہباز شریف
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ’پاکستان نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی متحرک قیادت میں ’معرکۂ حق‘ کے دوران انڈین جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔‘
سید عاطف ندیم-ادارت
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے انڈیا کے ساتھ سندھ طاس معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے واضح اور سخت تنبیہ کی ہے کہ پاکستان کا پانی اس کے لیے ایک ’ریڈ لائن‘ ہے اور ملک کے آبی مفادات کو درپیش کسی بھی خطرے کا براہِ راست اور مناسب جواب دیا جائے گا۔
سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے واضح کیا کہ ’پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن اس کی امن کی خواہش کو کسی طور پر بھی کمزوری نہ سمجھا جائے۔‘
بیان کے مطابق ’یادگارِ فتح‘ کے افتتاح کی اس تقریب میں چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سمیت وفاقی وزرا، صوبائی قیادت، ارکانِ پارلیمان، سفارت کاروں اور مسلح افواج کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ’پاکستان نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی متحرک قیادت میں ’معرکۂ حق‘ کے دوران انڈین جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔‘
انہوں نے کہا ’یادگارِ فتح قوم کے اتحاد، مسلح افواج کی طاقت اور ملک و قوم کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی مظہر ہے۔‘
فلسطین، خطے کا امن اور ’مکہ دفاعی معاہدہ‘
مسئلہ فلسطین پر بات کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے کہا کہ ’ایک آزاد فلسطینی ریاست کا خواب بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا اور پاکستان اس نظریے پر کاربند رہتے ہوئے آنے والی نسلوں تک اس جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام چاہتا ہے اور نام نہاد ’گریٹر اسرائیل‘ کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔
’مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ‘ (مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے) کا حوالہ دیتے ہوئے صدر زرداری نے اسے وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیا۔

’عزم و حوصلے کی علامت‘
اے پی پی کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور قائداعظم کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے ‘یادگارِ فتح’ کو پاکستان کے عزم اور حوصلے کی علامت قرار دیتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور ایڈمرل نوید اشرف کی دفاعی خدمات کی تعریف کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’معرکۂ حق‘ میں پاکستان کی شاندار فتح نے ملک کے وقار میں اضافہ کیا اور اگر مستقبل میں پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا تو اس کا اس سے بھی زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔




