
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کرپشن کے خاتمے کا مشن جاری، 54 افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی گئی: عظمیٰ بخاری
پنجاب میں کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری، کسی کو ٹارگٹ نہیں کیا جائے گا،کرپشن معاشرے کا ناسور ہے، عوام کرپشن کے خاتمے کیلئے مریم نواز کے ساتھ ہیں: عظمیٰ بخاری
سید عاطف ندیم-ادارت
لاہور:وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان کیا ہے اور پنجاب کے تمام محکموں سے کرپشن کا خاتمہ ان کا مشن ہے۔ پنجاب میں کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے اور اب تک 54 افسران اور اہلکار معطل یا ملازمتوں سے برخاست ہو چکے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ صرف محکمہ خوراک میں 48 افسران اور اہلکار گرفتار ہوئے ہیں، جبکہ 6 ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کیا گیا ہے۔ 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف تادیبی کارروائی بھی جاری ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور کی پارکنگ میں اوور چارجنگ پر ٹھیکیدار کو گرفتار کیا گیا، جبکہ چیچہ وطنی ٹی ایچ کیو ہسپتال میں اوور چارجنگ کا ٹھیکہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کرپشن ہمارے معاشرے کا ایک ناسور بن چکا ہے، جس کے خاتمے کیلئے پنجاب حکومت نے مؤثر اقدامات شروع کیے ہیں۔ کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تفریق کیا جا رہا ہے اور کسی کو ٹارگٹ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام کرپشن کے خاتمے کیلئے مریم نواز کے ساتھ ہیں اور پنجاب میں کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز نے جو بھی فیصلہ کیا، اس پر عمل درآمد کروایا ہے۔ انہوں نے کبھی تنقید اور منفی پروپیگنڈوں کی پرواہ نہیں کی۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ جھوٹے پروپیگنڈے اور ذاتی تنقید نے مریم نواز کو کمزور نہیں کیا بلکہ چٹان کی طرح مزید مضبوط کیا ہے۔



