
قابلِ تجدید توانائی کا فروغ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے: فیصل ایوب کھوکھر
سولر انرجی کے ساتھ بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز کا فروغ گرڈ کے استحکام کیلئے اہم ہے،نجی شعبے اور سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔ صوبائی وزیر توانائی
انصار ذاہدسیال-پاکستان
لاہور، 25 ستمبر 2026ء: صوبائی وزیر توانائی فیصل ایوب کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت پنجاب میں قابلِ تجدید توانائی کے فروغ اور توانائی کے شعبے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سولر انرجی پنجاب کے مستقبل کے توانائی نظام کا اہم حصہ ہے اور حکومت سولر پاور کی پیداوار، جدید ٹیکنالوجی، انرجی اسٹوریج اور مؤثر گرڈ انٹیگریشن کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار تھرڈ انٹرنیشنل سولر پاور کانکلیو اینڈ سولر ٹیکنالوجی ایکسیلینس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر توانائی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔ سرکاری عمارتوں کی سولرائزیشن، REDSIP، بائیو گیس کے منصوبے اور دیگر قابلِ تجدید توانائی کے اقدامات اسی وژن کا حصہ ہیں۔ حکومت توانائی کے متبادل اور ماحول دوست ذرائع کو فروغ دے کر توانائی کے شعبے میں پائیدار ترقی کی بنیاد مضبوط کر رہی ہے۔
فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ ویسٹ ٹو انرجی منصوبے بھی پنجاب کے گرین انرجی روڈ میپ کا اہم حصہ ہیں۔ فضلے سے توانائی کا حصول نہ صرف توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ ماحولیاتی آلودگی اور ویسٹ مینجمنٹ کے مسائل سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ سی ایم فری سولر پینل اسکیم کے ذریعے مستحق گھرانوں کو سولر انرجی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد کم آمدن والے گھرانوں کیلئے بجلی کے اخراجات میں کمی اور انہیں متبادل توانائی کے ذرائع تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سولر پاور کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز کا فروغ بھی انتہائی اہم ہے۔ مؤثر گرڈ انٹیگریشن اور جدید اسٹوریج سلوشنز کے ذریعے سولر انرجی کو توانائی کے نظام میں مزید مؤثر انداز میں شامل کیا جا سکتا ہے اور گرڈ کے استحکام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی اور تجارتی شعبے کیلئے قابلِ اعتماد، مستحکم اور کم لاگت توانائی کی فراہمی پنجاب حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے صنعت اور کاروباری سرگرمیوں کو مزید سہولت فراہم کی جائے گی۔
فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب سولر انرجی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے نجی شعبے اور سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون مزید بڑھائے گی۔ سولر انرجی سے بجلی پیدا کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سولر انڈسٹری تیزی سے ترقی کر رہی ہے، تاہم اس شعبے کو مزید آگے بڑھانے کیلئے حکومت، صنعت، سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور توانائی ماہرین کے درمیان مضبوط اشتراک ضروری ہے۔ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے توانائی کے شعبے میں نئے مواقع پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
صوبائی وزیر توانائی نے سولر انرجی کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کمپنیوں اور اداروں کو ایکسیلینس شیلڈز پیش کیں اور ان کی خدمات کو سراہا۔
تقریب میں چیئرمین پاکستان سولر ایسوسی ایشن عادل محمود، چیئرمین انرجی اپڈیٹ محمد نعیم قریشی سمیت سولر انڈسٹری سے وابستہ کمپنیوں، سرمایہ کاروں، ٹیکنالوجی کمپنیوں، توانائی ماہرین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔



