
صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے پنجاب یونیورسٹی میں پاکستان کے سب سے بڑے تین روزہ کتاب میلے کا افتتاح کر دیا
کتاب سے دوری نئی نسل کے لیے مسائل پیدا کر سکتی ہے، نوجوانوں میں مطالعے کا رجحان بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے: صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب
سید عاطف ندیم-ادارت پاکستان
صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے پنجاب یونیورسٹی میں پاکستان کے سب سے بڑے تین روزہ کتاب میلے کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے صوبائی وزیر کو کتاب میلے کے مختلف پہلوؤں، انتظامات، اسٹالز، کتب کی دستیابی اور طلباء و طالبات کی تخلیقی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کتاب میلے کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، وہاں رکھی گئی کتابوں اور دیگر اشیاء میں دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف اسٹالز سے کتابیں بھی خریدیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں کتاب میلے کا اتنا بھرپور انعقاد دیکھ کر خوشی ہوئی۔ کتاب میلے میں طلباء و طالبات کی بڑی تعداد کی شرکت اور کتابوں میں ان کی دلچسپی حوصلہ افزا ہے۔ ایسی سرگرمیاں نوجوان نسل میں مطالعے کا شوق پیدا کرنے اور علم و تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے جہاں بے شمار فوائد ہیں، وہاں ان کے استعمال سے بعض چیلنجز بھی سامنے آ رہے ہیں۔ ڈیجیٹل دور میں اسکرین پر کسی ایک موضوع یا سرگرمی پر مسلسل توجہ برقرار رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، جبکہ کتاب انسان کو یکسوئی، گہرائی اور تسلسل کے ساتھ مطالعے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کتاب سے دوری نئی نسل کے لیے مسائل پیدا کر سکتی ہے، اس لیے نوجوانوں کو مطالعے کی جانب راغب کرنا اور انہیں کتاب سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ امید ہے کہ کتاب میلوں اور اس نوعیت کی مثبت تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے ڈیجیٹل دور کے چیلنجز سے نمٹنے اور نوجوانوں میں علمی و فکری صلاحیتوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
ملک فیصل ایوب کھوکھر نے کتاب میلے میں طلباء و طالبات کے اسٹارٹ اپس اور نئے آئیڈیاز پر مبنی اسٹالز کے قیام کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جامعات میں تعلیم کے ساتھ تخلیقی سوچ، جدت، کاروباری صلاحیتوں اور عملی مہارتوں کو فروغ دینا بھی ضروری ہے۔ طلباء و طالبات کی جانب سے اپنے نئے آئیڈیاز کو عملی شکل دینا خوش آئند ہے اور ایسے مواقع نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔
وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تین روزہ کتاب میلہ نیو کیمپس میں فیصل آڈیٹوریم کے کاریڈور میں 15 سے 17 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ کتاب میلے میں 114 سے زائد اسٹالز قائم کیے گئے ہیں، جن میں ملک بھر کے معروف پبلشرز کی جانب سے مختلف موضوعات پر کتب پیش کی جا رہی ہیں۔ کتابیں رعایتی نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں تاکہ طلباء و طالبات، اساتذہ اور دیگر قارئین کو معیاری کتب تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔
وائس چانسلر نے بتایا کہ رواں سال کتاب میلے میں طلباء و طالبات کے نئے آئیڈیاز اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی اسٹالز بھی شامل کیے گئے ہیں، جو اس میلے کو محض کتابوں کی خرید و فروخت تک محدود رکھنے کے بجائے نوجوانوں کی جدت اور کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کا ذریعہ بناتے ہیں۔ بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیا کہ گزشتہ سال پنجاب یونیورسٹی کے کتاب میلے میں تقریباً ایک لاکھ 75 ہزار کتابیں فروخت ہوئی تھیں، جو طلباء و طالبات اور عام قارئین کی جانب سے کتابوں میں گہری دلچسپی کا مظہر ہے۔ رواں سال بھی کتاب میلے میں بڑی تعداد میں شہریوں، طلباء و طالبات اور علم و ادب سے وابستہ افراد کی آمد متوقع ہے تاہم پنجاب یونیورسٹی کا تین روزہ کتاب میلہ 15 سے 17 اکتوبر تک روزانہ صبح 9 بجے سے رات 8 بجے تک جاری رہے گا، جہاں قارئین کو مختلف موضوعات پر کتابیں دیکھنے، خریدنے اور علمی و ادبی سرگرمیوں سے مستفید ہونے کا موقع میسر آئے گا۔افتتاحی تقریب میں پنجاب یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر، ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران، طلباء و طالبات اور دیگر متعلقہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔



