کالمزناصف اعوان

سحر ضرور ہو گی !……..ناصف اعوان

ہونا تو یہ چاہیے کہ ملک میں بڑی سرمایہ کاری ہو۔ نئی انڈسٹری بھی لگے۔ پرانی کو توانائی کم قیمت پر دی جائے

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

معاشی حوالے سے کوئی اچھی خبر سننے کو نہیں مل رہی۔ ہر طرف سے معذرت ہی دکھائی دیتی ہے۔ ایک ہی راستہ بچا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضہ لیا جائے جو دھڑا دھڑ لیا جا رہا ہے جسے غیر پیداواری منصوبوں پر خرچ کیا جا رہا ہے اور مبینہ طور سے اس سے منصوبہ ساز بھی مستفید ہو رہے ہیں اس تناظر میں یہ کہنا غیر مناسب نہ ہو گا کہ حکومتیں ملک کے بڑے مسائل کو حل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں جن میں معیشت کا مسلہ سر فہرست ہے اور وہ مسلہ اس قدر الجھ چکا ہے اور گمبھیر شکل اختیار کر گیا ہے کہ اب صوبے اپنے ترقیاتی کاموں کو محدود کرنے لگے ہیں تاکہ امور مملکت چلتے رہیں مگر یہ کوئی حل نہیں اس سے مشکلات ختم نہیں ہوں گی بلکہ ان میں اور اضافہ ہو گا بلکہ ہو رہا ہے لہذا ہر حکومت اپنے حالات کے مطابق عوام پر ٹیکسوں کی بھرمار کر رہی ہے پچھلے بجٹ میں اس نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
۔ جو مشیران باتدبیر اسے مشورہ دیتے ہیں کہ فلاں مد میں ٹیکس لگانے سے اتنے پیسوں کی وصولی ہو گی تو حکومت فوراً اس پر عمل درآمد کر دیتی ہے یہ نہیں دیکھتی کہ غریب عوام تو پہلے ہی ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں ۔ ہونا تو یہ چاہیے کہ ملک میں بڑی سرمایہ کاری ہو۔ نئی انڈسٹری بھی لگے۔ پرانی کو توانائی کم قیمت پر دی جائے۔ کسانوں کی اجناس کو برآمد کیا جائے تاکہ ملک اور کسانوں کو فائدہ پہنچے۔ کوئی سبیل ایسی نظر نہیں آرہی کہ جو ہمارے قومی سرمائے میں اضافہ کر سکے حیرت اور افسوس ہمیں اس بات سے بھی ہے کہ اہل اختیار و اقتدار یہ جانتے ہوئے بھی کہ ملک کو معاشی بحران کا سامنا ہے اپنی شاہانہ زندگی میں کمی نہیں لا رہے وہ آنکھیں بند کرکے اپنی ذات پر اربوں کھربوں خرچ کر رہے ہیں۔ انہیں عوام سے کوئی سرو کار نہیں وہ انہیں پریشان دیکھنا چاہتے ہیں لہذا وہ اس سے متعلق قوانین بناتے رہتے ہیں۔ خصوصاً پنجاب حکومت کوئی نہ کوئی ایسا قانون بنا رہی ہے جس سے عوام میں خوف کی لہر دوڑ جاتی ہے اور وہ تڑپ اٹھتے ہیں اس کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ نئے قوانین نہیں بننے چاہیں بننے چاہئیں مگر عوامی مفاد اور ان کی مشکلات کو بھی سامنے رکھنا چاہیے تاکہ عوام انہیں خندہ پیشانی سے قبول کرلیں۔
بہرحال موجودہ حکومت ہو یا عوام دونوں کو مشکلات کا سامنا رہے گا کیونکہ نہ نو من تیل ہو گا نہ رادھا ناچے گی یعنی نہ خزانہ بھرنے گا نہ معاشی صورت حال میں بہتری آئے گی پھر بیرونی دنیا کو علم ہے کہ یہ موجودہ حکومت یا حکومتیں کیسے بنیں کس قدر انہیں پاپڑ بیلنے پڑے ہیں لہذا وہ تعلق خاطر بنانے میں پُر جوش نہیں پھر ملک میں سیاسی استحکام نہیں جمہوریت نہیں احترام آدمیت نہیں اور مساوات نہیں اس صورت میں معیشت کیسے سنبھل سکتی ہے لوگوں میں کیسے اعتماد آسکتا ہے اور ملک کیسے آگے بڑھ سکتا ہے مگر افسوس اہل اقتدار کو اس کی کوئی فکر نہیں۔ وہ اپنے اختیارات کا لطف اٹھا رہے ہیں مگر سوال یہ ہے کہ بدحال معاشی اقتصادی اور سماجی صورت حال کو نئے لوگ درست کرسکیں گے ؟
اصل بات کی طرف کوئی نہیں آرہا کہ موجودہ نظام کی وجہ سے ہی ساری پریشانیاں سامنے آن کھڑی ہوئی ہیں اسے تبدیل کرنے کے ضرورت ہے ۔ انتخابات شفاف ہوں عوام کے منتخب نمائندے ان کے لئے آسانیاں پیدا کریں سہولتیں فراہم کریں مگر مصیبت تو یہ بھی ہے کہ وہ وعدے تو کرتے ہیں مگر ان پر عمل درآمد نہیں کرتے اپنی زندگی کو بہتر سے بہتر کرنے میں مصروف ہو جاتے ہیں
ان سب کا ایک ہی مقصد ہوتا ہے موجیں کرنا اسی لئے ملک کی معیشت اور سیاسی عدم استحکام سے انہیں زیادہ دلچسپی نہیں اگر ہوتی تو اب تک ملک میں سرمایہ کاروں کی بہتات ہوتی صنعت کا پہیہ تیزی سے چل رہا ہوتا غربت کی لکیر کے نیچے جانے والے اوپر آگئے ہوتے۔ یہ جو آئے روز ٹیکس لگانا پڑ رہے ہیں ان کی ضرورت نہ پڑتی بجلی گیس اور پٹرول کی قیمتیں عام صارف کی پہنچ میں ہوتیں۔ مہنگائی کا اژدھا نہ پھنکار رہا ہوتا مگر افسوس صد افسوس انہیں اپنی ذات کے آگے سوچنا ہی نہیں تھا سو اب تک یہی ہوا ہے اب جب سیاسی منظر نامہ کی تبدیلی کی باتیں سننے کو مل رہی ہیں تو حیرت ہوتی ہے۔ یہ محض عوام کو بیوقوف بنانے والی بات ہے کہ ان کے آنے سے بجھتے چراغ جل اٹھیں گے
عوام کو جس طرح ماضی کی حکومتیں بیوقوف بناتی رہی ہیں نئے لوگ بھی ان کی طرح ہی عوام سے سلوک روا رکھیں گے مگر چونکہ پہلے ذرائع ابلاغ محدود تھے لوگ بیوقوف بن بھی جاتے تھے مگر اب ایسا نہیں ہے کیونکہ سوشل میڈیا نے ان کی آنکھیں کھول دی ہیں لہذا اب انہیں بیانات و اشتہارات اور چہروں کی ادلی بدلی سے مطمئن نہیں کیا جا سکتا کیونکہ قومی خزانہ میں اتنا پیسا نہیں کہ جس سے گمبھیر مسائل کا خاتمہ ہو سکے مگر یہ ضروری نہیں کہ ہمارا تجزیہ درست ہو۔ ہو سکتا ہے کہ اب زمہ داران کو یہ احساس ہو گیا ہو اور انہوں نے کوئی مناسب انتظام کر لیا ہو کیونکہ ایسی صورت حال کے پیش نظر آنے والے دنوں میں مزید معیشت کمزور ہو سکتی ہے جس کے لئے ضروری ہے کہ سیاسی ماحول کو تبدیل کر لیا جائے چلئے دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے اور جو ہونا ہوتا ہے وہ ہو کر رہتا ہے۔
بہر کیف مکرر عرض ہے کہ اب معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے جو اکھاڑ پچھاڑ ہو گی اس کے لئے سیاسی عدم استحکام کی فضا کو ختم کرنا ہو گا انصاف پر مبنی فیصلے کرنا ہوں گے ۔ بجلی گیس پٹرول کی قیمتوں میں عوام کی قوت خرید کے قریب تر لانا ہو گا تب ہی لوگوں کے چہروں پر رونق آئے گی اور یہ جو مختلف محکموں کے ملازمین اور کارکنان میں بے چینی پائی جاتی ہے گاہے گاہے وہ احتجاج بھی کرتے رہتے ہیں پچھلے دنوں انہوں ۔ے اسلام آباد میں جا کر بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا اگر انہیں طاقت سے خاموش کرنے کی کوشش کی گئی تو ان کے ساتھ دوسرے ملازمین بھی شامل ہو سکتے ہیں۔ ہر کام سختی سے نہیں کیا جا تا مکالمہ و مزاکرات ہی بہتر راستہ ہوا کرتے ہیں۔
مزاکرات کی کامیابی سے جب مل بیٹھیں گے تو لرزاں معیشت بھی سنبھل سکے گی کیونکہ دنیابھر میں یہ تاثر ابھرے گا کہ ہم ایک دوسرے سے جدا نہیں۔ اِدھر سے اُدھر کرنے سے سونے کی کانیں ہاتھ نہیں لگ جائیں گی لہذا عرض ہے تو اتنی کہ اتفاق و اتحاد کے ساتھ ہی آگے بڑھا جاتا ہے۔ عوام ترس گئے ہیں کہ ہماری سیاسی جماعتیں اور اہل اختیار یک جان ہو کر ملک عزیز کو درپیش بحرانوں سے چھٹکارا دلائیں۔ سحر ضرور ہو گی !

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button