صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر اور صوبائی وزیر زراعت ایس ایم تنویر کی ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس
پنجاب حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 4ہزار روپے فی من اور گنے کی امدادی قیمت 400روپے فی من مقرر کر دی
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں کاشتکاروں کو ان کی محنت کا معاوضہ یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔گندم کی امدادی قیمت 4ہزار روپے جبکہ گنے کی امدادی قیمت 400روپے فی من مقرر کر دی ہے۔اجلاس میں گندم کی ریلیز پالیسی کی بھی منظوری دی گئی ہے جبکہ گندم کی ریلیز کے حوالے سے ہر قسم کے کوٹہ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات بلدیات عامر میر نے ڈی جی پی آر آفس میں صوبائی وزیرزراعت ایس ایم تنویر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گنے کا کرشنگ سیزن 20نومبر سے شروع ہوگا۔صوبائی وزیر زراعت ایس ایم تنویر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں 16ملین ایکڑ رقبے پر گندم کاشت کی جائے گی اور 40من فی ایکڑ پیداوار کا ہدف مقرر کیاگیاہے۔مقررہ ہدف کے حصول کیلئے بیج، کھاد، پانی اور دیگر زرعی مداخل کی دستیابی یقینی بنائی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ گندم کی امدادی قیمت 4ہزار روپے فی من اور فلور ملوں کیلئے ریلیز پرائس 4700روپے فی من مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ گندم کے اجراء کے حوالے سے کوٹہ سسٹم سے خرابیاں پیدا ہورہی تھیں اس لئے حکومت نے کوٹہ سسٹم پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ حکومت کے اس فیصلے سے مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت کاروبار نہیں بلکہ کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہرضروری قدم اٹھا رہی ہے اور کاشتکاروں کو ان کی محنت کا معاوضہ دلانے کیلئے بروقت فیصلے کئے گئے ہیں۔صورتحال پر نظر رکھی جائے گی اور اس کا ہر پندرہ دن بعد جائزہ لیاجائے گا۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پنجا ب کی نگران حکومت صحافیوں کی فلاح کے پروگراموں پر کام کر رہی ہے اور اس حوالے سے نئے سال کے آغاز پر وزیراعلیٰ صحافیوں کو خوشخبری دیں گے۔صوبائی وزیر نے بتایاکہ 8ویں تھل ڈیزرٹ ریلی 9سے 12نومبر تک جاری رہے گی۔200کلومیٹر تھل ڈیزرٹ ریلی کوٹ ادو اور لیہ کے اضلاع میں منعقد ہوگی جس میں 100سے زائد شوقیہ اور پروفیشنل ڈرائیورز حصہ لیں گے۔خواتین بھی تھل ڈیزرٹ ریلی میں شرکت کریں گی۔ ڈرٹ بائیک اور کواڈ بائیک بھی شرکت کریں گے۔انہوں نے کہاکہ تھل ڈیزرٹ ریلی جنوبی پنجاب کا بڑا ایونٹ ہے جس کی تقریبات کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے تھل ڈیزرٹ ریلی کی ٹرافی کی رونمائی کی۔