پاکستان: پنجاب پولیس نے سرحدی چیک پوسٹ لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں کا 3 دنوں میں دوسرا بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔
پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر پر ڈی جی خان تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر حملہ آور خوارجی دہشت گرد ایک بار پھر پسپا ہو گئے۔
لاہور: پنجاب پولیس نے سرحدی چیک پوسٹ لکھانی پر خوارجی دہشت گردوں کا 3 دنوں میں دوسرا بڑا حملہ ناکام بنا دیا۔ پنجاب خیبرپختونخوا بارڈر پر ڈی جی خان تھانہ وہوا کی سرحدی چوکی لکھانی پر حملہ آور خوارجی دہشت گرد ایک بار پھر پسپا ہو گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 25 دہشت گرد جدید اور بھاری اسلحہ سے شدید فائرنگ کرتے ہوئے حملہ آور ہوئے۔پولیس، ایلیٹ فورس، رینجرز اور سی ٹی ڈی کی فوری کارروائی نے دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔ بھرپور جوابی کارروائی سے خوارجی دہشت گرد بھاری جانی نقصان اٹھا کر فرار ہو گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ چوکی پر تعینات جوانوں نے جدید تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے دہشت گردوں کی آمد کی فی الفور نشاندہی کی اور بروقت ایکشن یقینی بنایا گیا۔ ڈی پی او سید علی کی زیر قیادت ایلیٹ اور کیو آر ایف ٹیمیں فوری رسپانس کرتے ہوئے موقع پر پہنچ گئیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خوارجی دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ علاقہ میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ ڈی پی او ڈی جی خان سید علی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پولیس جوان ہر لمحہ سربکف ہیں۔ آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ لکھانی چیک پوسٹ پر تعینات جوانوں کا مورال اور عزم و حوصلہ بلند ہے۔ دہشتگردوں کے بزدلانہ وار ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، ہر حملے کو ناکام بنایا جائے گا۔