
پنجاب گورنمنٹ پنجاب بجٹ 2025-26: عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے اربوں روپے مختص
"مریم نواز سوشل سکیورٹی راشن کارڈ" کے اجرا کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لئے ابتدائی طور پر 5 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے
خصوصی نمائندہ: پنجاب حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے اربوں روپے مختص کئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عوامی فلاح و بہبود، سوشل سکیورٹی، تربیت، ڈیجیٹل سہولیات اور خواتین کے لئے تفریحی سہولیات کے متعدد منصوبوں کے لئے اربوں روپے مختص کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کئی انقلابی پراجیکٹس آئندہ بجٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بجٹ میں "مریم نواز سوشل سکیورٹی راشن کارڈ” کے اجرا کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لئے ابتدائی طور پر 5 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، یہ پروگرام غربت میں کمی اور ضرورت مند خاندانوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے سنگ میل ثابت ہو گا۔
وزیراعلیٰ نے ایک نیا خودمختار پروگرام شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے تحت ای ٹریننگ اور سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز کیا جائے گا، اس منصوبے کے لئے 4 کروڑ 29 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جا سکے۔
ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ کے تحت "سی ایم فری وائی فائی پروگرام” کے لئے 13 کروڑ 52 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز ہے، جو شہری و دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ تک مفت رسائی ممکن بنائے گا۔
خواتین کی صحت و تفریح کے لئے بھی بجٹ میں خصوصی توجہ دی گئی ہے، مریم نواز کے نام سے منسوب لیڈیز پارکس مختلف شہروں میں قائم کئے جائیں گے۔
پسرور سٹی میں "مریم نواز شریف لیڈیز پارک” کے لئے 3 کروڑ 82 لاکھ روپے، ساہیوال میں لیڈیز پارک کے قیام کے لئے 3 کروڑ روپے، ضلع گجرات کی تحصیل ڈنگا میں "مریم نواز فیملی پارک” کے لئے 1 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کی 100 تحصیلوں میں وزیراعلیٰ کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت سہولت بازاروں کے قیام کے لئے 12 ارب 81 کروڑ 75 لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کرنے کی تجویز ہے، جہاں عوام کو سستے داموں معیاری اشیا دستیاب ہوں گی۔