
جوہری مذاکرات سے انکار، ایران اور اسرائیل کے ایک دوسرے پر تازہ حملے
اسرائیلی فضائی دفاعی نظام کے باعث تل ابیب میں متعدد میزائلوں کو فضا میں پھٹتے دیکھا گیا جبکہ شہر دھماکوں کی آوازوں سے گونج اٹھا۔
ایران اور اسرائیل نے آج سنیچر کو ایک دوسرے پر تازہ حملے کیے ہیں جبکہ ایک دن قبل ہی ایران نے کہا تھا کہ وہ خطرے میں رہتے ہوئے جوہری پروگرام پر مذاکرات نہیں کرے گا۔ دوسری جانب یورپی ممالک نے امن کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب اسرائیلی فوج نے ایران کی طرف سے میزائل حملوں کے بارے میں خبردار کیا جس کے بعد تل ابیب اور جنوبی اسرائیل سمیت مغربی کنارے میں خطرے کے سائرن بجائے گئے۔
اسرائیلی فوجی عہدیدار نے کہا کہ اسی وقت اسرائیل نے بھی ایران کے میزائل ذخیروں اور دیگر مقامات پر حملے کیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایران نے پانچ بلیسٹک میزال مارے ہیں تاہم فوری طور پر کسی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
دوسری جانب جمعے کو یورپی ممالک نے ایران پر زور دیا کہ وہ اپنے جوہری پروگرام کے تنازع کے حل کے لیے امریکہ کے ساتھ سفارت کاری جاری رکھے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنیوا میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کے بعد جرمن وزیر خارجہ یوہان وڈیفول نے اپنے برطانوی، فرانسیسی اور یورپی یونین کے ہم منصبوں کے ہمراہ ایک بیان میں کہا کہ ’آج کی ملاقات کا اچھا نتیجہ یہ ہے کہ ہم اس تاثر کے ساتھ کمرے سے نکلے ہیں کہ ایران تمام اہم سوالات پر مزید بات چیت کے لیے تیار ہے۔‘
جبکہ جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایران پر حملہ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آئندہ دو ہفتوں میں کریں گے۔

ٹرمپ کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے ٹرمپ کا بیان میڈیا کو پڑھ کر سنایا جس میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’اس بات کی بنیاد پر کہ ایران کے ساتھ مستقبل قریب میں مذاکرات ہونے یا نہ ہونے کے امکانات موجود ہیں، میں آئندہ دو ہفتوں میں فیصلہ کروں گا۔‘
واضح رہے کہ اسرائیل نے گذشتہ جمعے کو یہ کہتے ہوئے ایران پر حملہ کیا تھا کہ وہ ایٹمی ہتھیار بنا رہا ہے تاہم ایران کا کہنا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے ۔
امریکہ میں انسانی حقوق کی تنظیم ’ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس نیوز ایجنسی‘ کے مطابق اسرائیل کے حملوں میں اب تک ایران میں 639 افراد مارے جا چکے ہیں جن میں فوجی رہنما اور ایٹمی سائنسدان بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق ایرانی حملوں میں 24 اسرائیلی شہریوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔