
لاہور: پری مون سون تیاریوں کے حوالے سے واسا کا اہم اجلاس، نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کی ہدایات
غفران احمد نے ہدایت کی کہ تمام ڈی واٹرنگ سیٹس، جنریٹرز اور دیگر مشینری کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری استعمال ممکن ہو
ناصف اعوان-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز کے ساتھ
حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) لاہور متحرک ہو گئی۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا، غفران احمد کی زیر صدارت پری مون سون تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر بھر میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے اور ممکنہ بارشوں کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران ایم ڈی واسا نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہر کے تمام بڑے اور چھوٹے ڈرینز، سیوریج لائنز اور مین ہولز کی بروقت صفائی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ بارش کے دوران پانی کی روانی متاثر نہ ہو اور شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیسلٹنگ کے عمل کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
غفران احمد نے ہدایت کی کہ تمام ڈی واٹرنگ سیٹس، جنریٹرز اور دیگر مشینری کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری استعمال ممکن ہو۔ خاص طور پر شہر کے نشیبی علاقوں میں اضافی مشینری اور عملہ تعینات کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ بارش کے دوران پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تمام ڈائریکٹرز، ایکسیئنز اور ایس ڈی اوز فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور نکاسی آب کے آپریشن کی مسلسل نگرانی کریں۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ مون سون کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک مربوط ایمرجنسی پلان تیار رکھا جائے اور تمام ٹیمیں ہائی الرٹ رہیں۔
شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ شکایات کے حل میں تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ افسران براہ راست ذمہ دار ہوں گے۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ کسی بھی صورتحال میں مشترکہ اقدامات بروقت کیے جا سکیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام افسران روزانہ کی بنیاد پر اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کریں اور جاری کاموں سے آگاہ رکھیں۔ مون سون سے قبل تمام پلوں کے نیچے خصوصی صفائی کروانے اور شہر بھر کے ڈرینز پر آگاہی بینرز آویزاں کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
ایم ڈی واسا نے خبردار کیا کہ ڈرینز میں کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے تاکہ نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر غفران احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واسا لاہور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا اور مون سون کے دوران شہر کو پانی کھڑا ہونے کے مسائل سے بچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔



