
By VOG Urdu News Team
منگل کی صبح پاکستان کے مرکزی بینک کی جانب سے ایکس پر کی گئی ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’سٹیٹ بینک آف پاکستان کو سعودی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک ارب امریکی ڈالر کی رقم 20 اپریل 2026 کو موصول ہو گئی ہے۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’یہ تین ارب ڈالر کی ڈپازٹ سہولت کی دوسری قسط ہے جس پر حال ہی سعودی عرب نے رضامندی ظاہر کی تھی جبکہ دو ارب ڈالر کی پہلی قسط اس سے قبل 15 اپریل 2026 کو موصول ہو چکی ہے۔‘
خیال رہے جمعرات کو سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو مزید تین ارب ڈالر اضافی ڈپازٹ دینے کے اعلان کے اگلے روز معاہدے پر باقاعدہ دستخط ہوئے تھے جس میں سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ اور پاکستان کے حکام شرکت کی۔
امریکہ کے شہر واشنگٹن میں عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سپرنگ اجلاس میں ہونے والے اس معاہدے کے موقع پر پاکستان کے وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب اور امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔
اس کے بعد پاکستان کی وزارت خزانہ کی جانب سے ایکس پر جمعے کو کی گئی پوسٹ میں بتایا گیا تھا کہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ سٹیٹ بینک جمع کرائے گئے تین ارب امریکی ڈالر کے ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع فراہم کرتا ہے۔
اس معاہدے پر سعودی فنڈ برائے ڈویلپمنٹ کی جانب سے اس کے چیف ایگزیکٹیو سلطان بن عبدالرحمان المرشد اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر جمیل احمد نے دستخط کیے تھے۔
پوسٹ کے مطابق ڈپازٹ میں توسیع پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور دیرینہ اقتصادی شراکت داری کی عکاسی کرتی ہے اور اس سے پاکستان کی معیشت کو مزید سہارا ملے گا۔



