
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
معرکہ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی کے بعد ملک بھر میں جذبہ حب الوطنی کی ایک نئی لہر دوڑ گئی ہے۔ اسی سلسلے میں پاکستانی نوجوانوں کے ولولہ انگیز پیغامات پر مشتمل ایک خصوصی ویڈیو جاری کی گئی ہے، جس میں انہوں نے مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ویڈیو میں مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں کامیابی نہ صرف عسکری میدان میں ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ اس نے پاکستان کو خطے میں امن کے ضامن اور سیکیورٹی فراہم کرنے والے ایک ذمہ دار ملک کے طور پر نئی پہچان بھی دی ہے۔
نوجوانوں کے مطابق عالمی برادری کی جانب سے بھی پاکستان کے کردار کو سراہا جا رہا ہے، اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کو ایک قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں اہم عالمی فیصلوں میں پاکستان کا کردار مزید مضبوط ہوگا۔
ویڈیو میں بھارت کے مبینہ فالس فلیگ آپریشن کا بھی ذکر کیا گیا، جسے نوجوانوں نے پاکستان کے خلاف ایک ناکام کوشش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں کامیابی نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا ہے۔
نوجوانوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ جذبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ اور مضبوط ہاتھوں میں ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس قسم کی عوامی حمایت نہ صرف قومی یکجہتی کو فروغ دیتی ہے بلکہ ملکی دفاع کو بھی مزید مستحکم بناتی ہے، جو خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔



