معرکۂ حق: جنوبی ایشیائی فضاؤں میں فیصلہ کن موڑ، کَیس لاہور میں تاریخی سیمینار
پاک فضائیہ کی برتری، سفارتی کامیابیاں اور بھارت کی عسکری محدودیت پر ماہرین کا تفصیلی تجزیہ
سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز،کیس کے ساتھ
لاہورسینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز(کَیس) لاہور نے پاک بھارت جنگ مئی ۲۰۲۵ کی پہلی برسی کے موقع پر ایک اہم اور فکر انگیز سیمینار کا انعقاد کیا، جس کا عنوان تھا “معرکۂ حق، جنوبی ایشیائی فضاؤں میں ایک فیصلہ کن موڑ”۔ اس اعلیٰ سطحی علمی و تزویراتی نشست میں ممتاز ماہرینِ تعلیم، دفاعی تجزیہ کاروں، سینئر فوجی افسران، سفارتی شخصیات اور قومی سلامتی سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔ سیمینار میں معرکۂ حق کے عسکری، سفارتی، تزویراتی اور علاقائی اثرات کا جامع جائزہ لیا گیا۔
تقریب کا آغاز کَیس لاہور کے ریسرچ اسسٹنٹ جناب اظہر ذیشان کے افتتاحی کلمات سے ہوا، جنہوں نے معرکۂ حق کو نہ صرف پاکستان کی عسکری تاریخ بلکہ جنوبی ایشیا کے اسٹریٹیجک ماحول میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ نے جدید فضائی جنگی حکمتِ عملی، ملٹی ڈومین آپریشنز اور قومی ہم آہنگی کی نئی مثال قائم کی۔
پاک فضائیہ نے فضائی جنگ کی تاریخ بدل دی: ایئر کموڈور خالد بنوری
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خالد بنوری نے ۶ اور ۷ مئی ۲۰۲۵ کی درمیانی شب ہونے والے تاریخی فضائی معرکے کی تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فضائی جنگ تاریخ کی طویل ترین بیونڈ وژول رینج (BVR) لڑائیوں میں شمار ہوتی ہے، جس میں پاک فضائیہ نے اپنی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور مربوط جنگی حکمتِ عملی کے ذریعے بھارتی فضائیہ کو شدید نقصان پہنچایا۔
انہوں نے بتایا کہ اس معرکے میں پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے آٹھ جنگی طیارے مار گرائے، جن میں جدید فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ ان کے مطابق یہ کامیابی کسی ایک کارروائی کا نتیجہ نہیں بلکہ برسوں پر محیط عسکری جدیدکاری، ادارہ جاتی اصلاحات، سخت تربیتی نظام، جدید نظریاتی ارتقا اور مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کا ثمر تھی۔
ایئر کموڈور خالد بنوری نے کہا کہ پاک فضائیہ نے اس جنگ میں پہلی مرتبہ مکمل ملٹی ڈومین انٹیگریشن کا عملی مظاہرہ کیا، جہاں فضائی، سائبر، خلائی اور الیکٹرانک وارفیئر صلاحیتوں کو ایک مربوط نظام کے تحت استعمال کیا گیا۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا ظہیر احمد بابر سدھو کی دوراندیش قیادت کو دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حکمتِ عملی نے پاک فضائیہ کو ایک جدید اور نیکسٹ جنریشن فورس میں تبدیل کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق نے یہ ثابت کیا کہ جدید جنگوں میں محض عددی برتری کافی نہیں ہوتی بلکہ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، فیصلہ کن قیادت، بروقت انٹیلی جنس اور اعلیٰ تربیت یافتہ افرادی قوت ہی کامیابی کی ضمانت بنتی ہے۔
سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کی کامیابی نمایاں رہی: جلیل عباس جیلانی
پاکستان کے سابق وزیر خارجہجلیل عباس جیلانی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے معرکۂ حق کے بعد پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان سفارتی سطح پر مکمل تیاری کے ساتھ عالمی برادری کے سامنے آیا اور اس نے مؤثر سفارتی حکمتِ عملی کے ذریعے بھارتی بیانیے کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے درمیان مثالی ہم آہنگی دیکھنے میں آئی، جس نے قومی سطح پر ایک متحد اور مربوط ردِعمل کو ممکن بنایا۔ ان کے مطابق معرکۂ حق نے نہ صرف بھارت کی نام نہاد عسکری برتری کے تاثر کو ختم کیا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو بھی تقویت دی۔
جلیل عباس جیلانی نے مزید کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران پاکستان نے نہایت ذمہ دارانہ سفارتی کردار ادا کیا۔ انہوں نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مختلف علاقائی سفارتی اقدامات میں پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے وقار کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ جنگی میدان میں پاک فضائیہ کی شاندار کامیابیوں نے پاکستان کے سفارتی مؤقف کو مزید مضبوط کیا اور دنیا نے پاکستان کو ایک ذمہ دار، باصلاحیت اور تزویراتی طور پر مستحکم ریاست کے طور پر تسلیم کیا۔
بھارت کی عسکری جدیدکاری کو سنگین چیلنجز درپیش
دفاعی امور کے ماہر خرم اقبال نے اپنے خطاب میں معرکۂ حق کے بعد بھارت کی عسکری جدیدکاری کے رجحانات کا تجزیہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بھارت اپنی عسکری قوت میں اضافے کے دعوے کر رہا ہے، تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کو پانچ بڑے چیلنجز درپیش ہیں، جن میں شدید مالی دباؤ، ادارہ جاتی عدم توازن، جدید ٹیکنالوجی کے انضمام میں مشکلات، بیرونی طاقتوں پر بڑھتا ہوا انحصار، اور نظریاتی و فکری رکاوٹیں شامل ہیں۔ ان کے مطابق یہی عوامل بھارت کی عسکری حکمتِ عملی کو محدود کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر خرم اقبال نے کہا کہ معرکۂ حق نے بھارتی دفاعی منصوبہ بندی کی کئی کمزوریاں بے نقاب کر دیں، جن کے باعث بھارت مستقبل قریب میں کسی نئی عسکری مہم جوئی کی پوزیشن میں دکھائی نہیں دیتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جدید جنگی ماحول میں صرف مہنگے ہتھیار خرید لینا کافی نہیں بلکہ ان کا مؤثر انضمام، تربیت اور نظریاتی ہم آہنگی بھی ناگزیر ہوتی ہے۔
معرکۂ حق نے جنگی نظریات بدل دیے: ایئر مارشل عاصم سلیمان
اختتامی خطاب میں عاصم سلیمان نے کہا کہ معرکۂ حق جنوبی ایشیا کی فضائی جنگی تاریخ میں ایک فیصلہ کن موڑ کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ نے ثابت کیا کہ جدید دور میں کامیابی کا انحصار صرف ہتھیاروں کی تعداد پر نہیں بلکہ مربوط جنگی نظریات، جدید ٹیکنالوجی، فیصلہ کن قیادت اور عملی مہارت پر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دنیا میں پہلی مرتبہ مکمل ملٹی ڈومین آپریشنز کا ایسا عملی مظاہرہ کیا جس میں سائبر، خلائی، الیکٹرانک وارفیئر اور پریسیژن اسٹرائیک صلاحیتوں کو ایک ہی عملی ڈھانچے میں ضم کیا گیا۔ ان کے مطابق یہ ماڈل مستقبل کی جنگوں کیلئے ایک نئی مثال بن چکا ہے۔
ایئر مارشل عاصم سلیمان نے کہا کہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاک فضائیہ نے خود کو ایک نیکسٹ جنریشن ایئر فورس کے طور پر منوایا اور معرکۂ حق اس تبدیلی کی عملی توثیق تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی اب مکمل طور پر ٹیکنالوجی پر مبنی، مربوط اور تیز رفتار ردِعمل کے تصور کے گرد گھومتی ہے۔
سوال و جواب کی نشست میں اہم تبادلۂ خیال
سیمینار کے اختتام پر ایک تفصیلی سوال و جواب کی نشست منعقد ہوئی، جس میں شرکاء نے مقررین سے جنگ کے عسکری، سفارتی، تزویراتی اور علاقائی سلامتی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر سوالات کیے۔ ماہرین نے جنوبی ایشیا میں طاقت کے توازن، مستقبل کی فضائی جنگوں، ملٹی ڈومین آپریشنز، مصنوعی ذہانت کے عسکری استعمال اور پاکستان کی دفاعی حکمتِ عملی پر تفصیلی گفتگو کی۔
شرکاء نے کَیس لاہور کی جانب سے اس جامع اور علمی مکالمے کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے سیمینار نہ صرف قومی سلامتی کے موضوعات پر سنجیدہ بحث کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نئی نسل کو بھی جدید دفاعی چیلنجز سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔



