یورپتازہ ترین

فرانس انویسٹمنٹ سمٹ میں 93 بلین یورو کی سرمایہ کاری کے وعدے

ان 93 بلین یورو میں سے 45 بلین یورو کی سرمایہ کاری جاپان کے سافٹ بینک نامی مالیاتی ادارے کی طرف سے تین بہت بڑے بڑے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کے لیے کی جائے گی۔

روئٹرز اور اے ایف پی کے ساتھ

فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں نے پیر یکم جون کے روز کہا کہ امسالہ ’چُوز فرانس انویسٹمنٹ سمٹ‘ میں بڑے بڑے بین الاقوامی اداروں کی طرف سے اس یورپی ملک میں مجموعی طور پر 93 بلین یورو کی نئی سرمایہ کاری کے وعدے کیے گئے ہیں۔

یہ نئی سرمایہ کاری مختلف اقتصادی اور صنعتی شعبوں میں 71 مختلف منصوبوں کی صورت میں کی جائے گی اور اس وجہ سے ملک میں روزگار کے 15,600سے زائد نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق ان 93 بلین یورو میں سے 45 بلین یورو کی سرمایہ کاری جاپان کے سافٹ بینک نامی مالیاتی ادارے کی طرف سے تین بہت بڑے بڑے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کے لیے کی جائے گی۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں
فرانس کے پاس 57 فعال جوہری ری ایکٹروں کی ایک پوری فلیٹ موجود ہے، صدر ماکروںتصویر: Amanuel Sileshi/AP Photo/picture alliance

صدر ایمانوئل ماکروں کے مطابق ان تینوں ڈیٹا سینٹرز کی مجموعی استعداد 3.1 گیگا واٹ کی ہو گی اور یہ 2031ء تک ملک کے ‘او دے فرانس‘ (Hauts-de-France) نامی علاقے میں تعمیر کیے جائیں گے۔ اس منصوبے پر کام شروع ہونے کے بعد مجموعی سرمایہ کاری ممکنہ طور پر 75 بلین یورو تک پہنچ جائے گی۔

ڈیٹا سینٹرز کے لیے فرانسیسی نیوکلیئر ری ایکٹرز کی اہمیت

فرانس میں نئی سرمایہ کاری اور خاص طور پر بہت بڑے بڑے ڈیٹا سینٹرز کے لیے اپنے ملک کے حق میں وکالت کرتے ہوئے صدر ایمانوئل ماکروں نے اس بات کو خصوصی اہمیت کی حامل بنا کر پیش کیا کہ یورپ کے اس ملک میں جوہری توانائی سے بجلی پیدا کرنے والے 57 ری ایکٹرز کام کر رہے ہیں۔

جاپان کے سافٹ بینک گروپ کے سی ای او ماسایوشی سن
جاپان کے سافٹ بینک گروپ کے سی ای او ماسایوشی سنتصویر: Kyodo News/IMAGO

یہ ری ایکٹرز اس لیے خصوصی اہمیت کے حامل ہیں کہ ڈیٹا سینٹرز کو اپنا کام کرنے کے لیے بہت زیادہ بجلی درکار ہوتی ہے۔ اس بارے میں صدر ماکروں  نے کہا کہ فرانس کے پاس ان نئے ڈیٹا سینٹرز اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شعبے میں نمایاں کارکردگی کے لیے کافی سے بھی زیادہ مقدار میں بجلی پہلے سے دستیاب ہے۔

اس پس منظر میں سافٹ بینک کے سربراہ نے کہا، ”جس نئی سرمایہ کاری کے وعدے کیے گئے ہیں، ان میں اے آئی ڈیٹا سینٹرز کے لیے سرمایہ کاری کا حجم 75 بلین یورو بنتا ہے۔ لیکن  اگر اس میں الیکٹرانک چپس اور متعلقہ نظاموں پر کی جانے والی سرمایہ کاری کو بھی شامل کیا جائے، تو یہ حجم تقریباﹰ 750 بلین یورو کے قریب ہو جاتا ہے۔‘‘

جنوبی فرانس میں کام کرنے والا ایک ایٹمی بجلی گھر
جنوبی فرانس میں کام کرنے والا ایک ایٹمی بجلی گھرتصویر: Jean Pierre Jost

جہاں تک ان منصوبوں میں سافٹ بینک کی اپنی سرمایہ کاری کا سوال ہے، تو اس مالیاتی ادارے کے سی ای او ماسایوشی سن نے کہا، ”ان منصوبوں میں ساری سرمایہ کاری خود سافٹ بینک اکیلا نہیں کرے گا۔ وہ ان منصوبوں کے لیے اپنا سرمایہ بھی مہیا کرے گا اور ساتھ ہی ان میں اپنے ہائپر اسکیل گاہکوں کے ذریعے بھی سرمایہ کاری کروائے گا۔‘‘

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button