کاکروچ جنتا پارٹی کی پریس کانفرنس پر بڑا انکشاف، آرجے ڈی ایم پی منوج جھا نے سفارشی خط لکھا تھا
کاکروچ جنتا پارٹی نے دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں پریس کانفرنس کی۔
By Voice of Germany Urdu News Team
کاکروچ جنتا پارٹی نے 6 جون کواحتجاج کا اعلان کیا ہے۔ اس سے پہلے پارٹی نے 3 جون کو پریس کانفرنس کی تھی۔ اس پریس کانفرنس کے حوالے سے اب ایک بڑا انکشاف سامنے آیا ہے۔
کاکروچ جنتا پارٹی نے 3 جون کودہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی تھی۔ اس پروگرام کے لئے اجازت دلانے کے لئے راشٹریہ جنتا دل (آرجے ڈی) کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا کے ذریعہ کانسٹی ٹیوشن کلب کے ڈائریکٹرکولکھا گیا خط سرخیوں میں ہے۔ خط میں صحافی سوربھ داس کو پریس کانفرنس کے لئے مقام دستیاب کرانے کی گزارش کی گئی تھی۔ حالانکہ خط میں کہیں بھی کاکروچ جنتا پارٹی کا ذکرنہیں ہے۔
ابھی تک خاموش ہیں منوج جھا
اس خط سے متعلق اب تک منوج جھا کی طرف سے کوئی عوامی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ سوربھ داس کوحال ہی میں کاکروچ جنتا پارٹی کا چیف ترجمان بنایا گیا ہے۔ پارٹی نے 6 جون کو دہلی کے جنترمنترپرمرکزی وزیرتعلیم دھرمیندر پردھان کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس احتجاج کو سونم وانگچک سمیت کئی اہم شخصیات کی حمایت ملنے کا وعدہ کیا جا رہا ہے۔ وہیں، پارٹی سربراہ ابھیجیت دیپکے کے امریکہ سے دہلی پہنچنے پرایئرپورٹ پران کے استقبال کی بھی تیاری بتائی جا رہی ہے۔
کاکروچ جنتا پارٹی کی شروعات سوشل میڈیا پراس وقت سرخیوں میں آئی تھی، جب سپریم کورٹ کے چیئف جسٹس سوریہ کانت کے ایک تبصرہ کے بعد اس سے متعلق سرگرمیوں نے آن لائن پلیٹ فارم پرتیزی سے لوگوں کی توجہ مبذول کی۔
منوج جھا نے خط میں کیا لکھا؟
راجیہ سبھا رکن اورآرجے ڈی لیڈرپروفیسرمنوج جھا نے کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا کے ڈائریکٹرکوخط لکھ کرصحافی سوربھ داس کے لئے پریس کانفرنس منعقد کرنے کے لئے مقام دستیاب کرانے کی سفارش کی تھی۔ خط میں انہوں نے گزارش کی تھی کہ سوربھ داس کوشام 5 بجے (3 جون) کانسٹی ٹیوشن کلب میں پریس کانفرنس کرنے کے لئے جگہ الاٹ کی جائے۔ پروفیسر منوج جھا نے اپنے خط میں اسے ایک رسمی سفارش قراردیتے ہوئے کلب انتظامیہ سے ضروری انتظامات کرنے پرزوردیا تھا۔




