کھیلتازہ ترین

قومی انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ: اسلام آباد میں شاندار افتتاح، یوتھ فٹبال کے نئے دور کا آغاز

ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فیڈریشن کے اقدامات سے نوجوان فٹبالرز کے لیے مواقع کے نئے دروازے کھلیں گے۔

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

اسلام آباد-رانا زاہد اشفاق
فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے زیر اہتمام قومی انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ 2026 کا باقاعدہ آغاز جمعرات کے روز جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کے ساتھ ہو گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان تھے، جنہوں نے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب کے موقع پر ملک بھر سے آئی ہوئی تمام 10 شریک ٹیموں کے نوجوان فٹبالرز نے جناح اسٹیڈیم میں شاندار مارچ پاسٹ میں حصہ لیا۔ پی ایف ایف کی جانب سے اس چیمپئن شپ کا انعقاد ملک میں یوتھ فٹبال کے بنیادی ڈھانچے کو ازسرِنو منظم کرنے اور جونیئر سطح سے قومی ٹیم تک کھلاڑیوں کی رسائی کے لیے ایک واضح اور شفّاف راستہ فراہم کرنے کی کڑی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی انجم عقیل خان نے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت، محنت اور توانائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے روشن مستقبل کی باگ ڈور انہی کے ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فیڈریشن کے اقدامات سے نوجوان فٹبالرز کے لیے مواقع کے نئے دروازے کھلیں گے۔
افتتاحی تقریب کے بعد ایک پریس کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا جس سے پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد نیاز کھوکھر، نائب صدر حافظ زکا اللہ، اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر و لوکل آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ شیخ احمد ریحان اور پی ایف ایف ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن وسیم راجا نے خطاب کیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ یہ چیمپئن شپ صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ ملک میں منظم یوتھ فٹبال کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ایک طویل عرصے سے نوجوانوں کے پاس قومی سطح پر مسلسل کھیلنے کا کوئی فعال پلیٹ فارم موجود نہیں تھا۔ فیڈریشن کا مقصد گراس روٹس سطح سے قومی ٹیم تک ایک ایسا پائیدار نظام قائم کرنا ہے جہاں ملک کے ہر حصے سے آنے والے کھلاڑی باقاعدگی سے میچز کھیل کر اپنی صلاحیتیں نکھار سکیں۔

اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر شیخ احمد ریحان نے ماضی کے طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پہلے بین الاقوامی ٹورنامنٹس سے قبل محض اوپن ٹرائلز اور مختصر کیمپس کے ذریعے ہزاروں لڑکوں میں سے ٹیلنٹ کا انتخاب کیا جاتا تھا، جو کہ ناکافی تھا اور اس میں کھلاڑی کے پاس خود کو ثابت کرنے کا وقت بہت محدود ہوتا تھا۔ تاہم، صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی کی قیادت میں گزشتہ 15 ماہ کی محنت کے بعد اب اس روایت کو بدل کر میرٹ اور مسلسل کارکردگی پر مبنی نظام لاگو کیا جا رہا ہے۔پی ایف ایف کے نائب صدر حافظ زکا اللہ نے واضح کیا کہ یہ میرٹ سسٹم صرف کھلاڑیوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ گراس روٹس پر محنت کرنے والے کوچز اور ٹیکنیکل اسٹاف کو بھی ان کی بہترین کارکردگی اور نتائج کی بنیاد پر قومی ٹیم کے سیٹ اپ میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ چیمپئن شپ اے ایف سی (AFC) انڈر 17 ایشین کپ کی تیاریوں اور پاکستان کی قومی انڈر 17 ٹیم کے حتمی انتخاب کا اہم ذریعہ ہوگی، جس کے ذریعے مستقل مزاج اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی سطح پر ملک کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button