
رانا ذاہد اشفاق-پاکستان
زیورخ: سوئٹزرلینڈ فٹبال ٹیم کے کپتان گرینٹ ژاکا نے کورونا وبا کے دوران جعلی کووڈ ویکسین سرٹیفکیٹ استعمال کرنے کا اعتراف کرلیا، جس پر انہیں ڈیڑھ لاکھ سوئس فرانک (تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار امریکی ڈالر) جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
34 سالہ گرینٹ ژاکا کو یہ جرمانہ ادا نہیں کرنا ہوگا، بشرطیکہ وہ دو سالہ آزمائشی مدت کے دوران مزید کسی جرم کا ارتکاب نہ کریں۔
ژاکا نے انسٹاگرام پر اپنے بیان میں عدالتی فیصلے کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے عمل کی ذمہ داری لیتے ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں کی جانب سے ملنے والے پیغامات پر شکریہ بھی ادا کیا۔
فٹبالر کے مطابق کورونا ویکسین سے متعلق خدشات، بے اعتمادی اور ذہنی اضطراب کے باعث انہوں نے غلط فیصلہ کیا۔ انہوں نے اپنی غلطی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
واقعے کے وقت ژاکا انگلش کلب آرسنل کی نمائندگی کر رہے تھے۔ وہ 2023 میں جرمن کلب بائر لیورکوزن منتقل ہوئے، جبکہ 2025 میں سنڈرلینڈ کا حصہ بنے۔
سوئٹزرلینڈ کی جانب سے 152 بین الاقوامی میچ کھیلنے والے ژاکا حالیہ انٹرنیشنل بریک کے دوران نیشنز لیگ کے اسکاٹ لینڈ، شمالی مقدونیہ اور سلووینیا کے خلاف میچز سے دستبردار ہوگئے تھے۔
سوئٹزرلینڈ کو نیشنز لیگ میں 13 نومبر کو سلووینیا اور 16 نومبر کو اسکاٹ لینڈ کا سامنا کرنا ہے۔



