
متروکہ وقف املاک بورڈ، وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، حکومتِ پاکستان
بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کی تیاریوں کے حوالے سے متروکہ وقف املاک بورڈ ہیڈ آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس
قیصر مغل-ادارت
سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے سلسلہ میں اعلی سطحی انتظامی اجلاس سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق کی زیر صدارت متروکہ وقف املاک بورڈ ہیڈ آفس میں منعقد ہوا ۔ جس میں ڈپٹی سیکرٹری سادات شہباز خان اور ڈپٹی سیکرٹری سید فراز عباس موجود تھے ۔اجلاس میں رینجرز، کسٹمز، ایف آئی اے ،وزارت خارجہ،سوئی گیس ،سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران، متعلقہ اضلاع کے ڈی پی اوز، ڈپٹی کمشنرز،پریس انفارمیشن ڈیپاٹمنٹ اور انتظامی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں سکھ یاتریوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی، رہائش، لنگر، سفری سہولیات، طبی امداد، صاف پانی، بجلی و گیس کی بلاتعطل فراہمی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت پاکستان بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
سیکرٹری ناصر مشتاق نے بتایا کہ بابا گورو نانک دیو جی کے557ویں جنم دن کے موقع پر سکھ یاتری 22 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی مرکزی تقریب 24 نومبر کو ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔سیکرٹری بورڈناصر مشتاق نے بتایا کہ متعلقہ تمام اداروں نے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے متروکہ وقف املاک بورڈ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے ۔سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے لیے بہترین ایئر کنڈیشنڈ بسیں فراہم کی جائیں گی، جبکہ تمام رہائشی مقامات پر طبی عملہ اور ضروری طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ یاتریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے خصوصی طور پر منرل واٹر فراہم کیا جائے گا۔ یاتریوں کو کرنسی ایکسچینج کے سہولت کے لیے سٹیٹ بنک سے منظور شد ہ کرنسی ایکسچینج لگائے جائیں گے اور انکو باقاعدہ مانیٹر کیا جائے گا ۔
سیکرٹر ی بورڈ ناصر مشتاق نے بتایا کہا کہ سکھ یاتریوں کی رہائش اور لنگر کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے اور یاتریوں کی آمد کے دوران متعلقہ محکمے بجلی اور سوئی گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ ہر 20 بسوں کے قافلے کے ہمراہ ریسکیو 1122 کی خصوصی ایمبولینس موجود ہوگی، جبکہ پولیس، رینجرز، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے یاتریوں کی حفاظت اور سہولیات کے لیے متحرک رہیں گے ۔ناصر مشتاق نے کہا کہ پاکستان آنے والے سکھ یاتری پاکستان سے بہترین مہمان نوازی ،محبت، خوشگوار یادیں لے کر واپس جائیں گے۔



