پاکستانتازہ ترین

"مکہ معاہدہ عوام کے دل کی آواز ہے، حرمین شریفین سے پاکستان کی نسبت قیامت تک برقرار رہے گی”

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی سعودی سفیر سے ملاقات میں پاک سعودی تعلقات، حج و عمرہ انتظامات اور مذہبی شعبے میں تعاون پر گفتگو، روٹ ٹو مکہ منصوبے کو پاکستانی حجاج کے لیے بہترین سہولت قرار دیا

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

سید عاطف ندیم-ادارت

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں پاک سعودی تعلقات، مذہبی شعبے میں تعاون، حجاج کرام اور عمرہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور جوائنٹ سیکرٹری حج سید عبدالوحید شاہ بھی موجود تھے۔

سردار محمد یوسف نے پاکستان میں تعیناتی پر سعودی سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مکہ معاہدہ عوام کے دل کی آواز ہے اور حرمین شریفین سے پاکستان کی نسبت قیامت تک برقرار رہے گی۔ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام عقیدت، محبت اور اخوت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خادم حرمین شریفین حجاج کرام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے مثالی اقدامات کر رہے ہیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے حج انتظامات میں بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے روٹ ٹو مکہ منصوبے کو بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سہولت سے پاکستانی حجاج کو نمایاں آسانی میسر آئی ہے اور ان کا سفر حج مزید سہل بنانے میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے سعودی سفیر کو اپنے آبائی علاقے مانسہرہ کے دورے کی دعوت بھی دی اور امید ظاہر کی کہ ان کی تعیناتی سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

اس موقع پر سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے کہا کہ پاکستان میں تعیناتی ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور پاکستان اب ان کا پہلا گھر ہے۔

انہوں نے پاکستانی عوام کی مہمان نوازی، دوستانہ رویے اور ملک کے قدرتی حسن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور یہاں کے لوگ محبت اور خلوص سے پیش آتے ہیں۔

سعودی سفیر نے کہا کہ حجاج کرام کی خدمت ایک بڑی سعادت ہے اور سعودی قیادت حرمین شریفین کی خدمت اور حجاج کو سہولیات کی فراہمی کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے عمرہ زائرین کو تیز رفتار اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے فوکل پرسن نامزد کرنے کے اقدام کا بھی ذکر کیا۔

ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شاعری سے اپنی گہری دلچسپی اور متاثر ہونے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ علامہ اقبال کے کلام کو بے حد پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی سفارتخانے کے دروازے اپنے پاکستانی بھائیوں کے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔

ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مذہبی امور، حج و عمرہ سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button