
ڈی جی ایس آئی ایف سی کی خیبر پختونخوا کی کاروباری برادری سے ملاقات، ضابطہ جاتی اصلاحات اور نجی شعبے کے مسائل بارے تبادلہ خیال کیا
ڈائریکٹر جنرل نے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور کاروباری برادری کے درمیان مؤثر رابطے اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
سید عاطف ندیم-ادارت ایشیائ
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کے ڈائریکٹر جنرل نے پشاور میں خیبر پختونخوا کے ایوان ہائے صنعت و تجارت کے نمائندوں سے ملاقات کی جس دوران صوبے میں کاروباری ماحول کی بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایس آئی ایف سی کی پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایس آئی ایف سی نے کونسل کے کردار، دائرۂ کار اور سرمایہ کاری کے فروغ و کاروباری سہولت کاری کے لیے جاری اقدامات پر کاروباری نمائندوں کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں ایس آئی ایف سی اور حکومتِ خیبر پختونخوا کے اشتراک سے جاری ضابطہ جاتی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا گیا جن کا مقصد کاروباری طریقہ کار کو آسان بنانا، غیر ضروری ضابطہ جاتی رکاوٹوں کو دور کرنا اور نجی شعبے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور کاروباری برادری کے درمیان مؤثر رابطے اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔ اس سلسلے میں حکومتِ خیبر پختونخوا کے ساتھ جاری تعاون اور صوبے میں کاروباری سہولتوں کی بہتری کے اقدامات بھی زیرِ غور آئے۔ملاقات کے دوران ایوان ہائے صنعت و تجارت کے نمائندوں نے صوبے میں کاروباری طبقے کو درپیش مختلف مسائل، انتظامی مشکلات اور کاروباری سرگرمیوں میں حائل رکاوٹوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری اور مسائل کے بروقت حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ایس آئی ایف سی حکام نے کاروباری نمائندوں کے تحفظات اور نشاندہی کردہ مسائل کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ کونسل متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کے تعاون سے ان مسائل کے حل، کاروباری رکاوٹوں کے خاتمے اور نجی شعبے کو درپیش مشکلات دور کرنے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔یہ ملاقات ایس آئی ایف سی اور خیبر پختونخوا کی کاروباری برادری کے درمیان براہِ راست رابطے اور مؤثر اشتراکِ عمل کے فروغ کی عکاس ہے۔ ایس آئی ایف سی حکومتِ خیبر پختونخوا اور کاروباری حلقوں کے ساتھ مل کر ضابطہ جاتی پیچیدگیاں کم کرنے، کاروباری مسائل کے حل اور صوبے میں سرمایہ کاری و کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے عزم پر قائم ہے۔



