٭ آزادی صحافت کے تحفظ کیلئے انشاء اللہ مجھے صف اول میں کھڑا پائیں گے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی
٭ سپیکر محمد سبطین خان کی سربراہی میں ''مستحکم پارلیمان پروگرام ''کی پنجاب اسمبلی میں میٹنگ۔
لاہور پاکستان(نمائندہ وائس آف جرمنی):سپیکر محمد سبطین خان کی سربراہی میں ”مستحکم پارلیمان پروگرام ”کی پنجاب اسمبلی میں میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ میں ” مستحکم پارلیمان پروگرام ”کے ٹیم لیڈر کرسٹوفر شیلڈز اورسیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک نے شرکت کی۔اس موقع پر سپیکر محمد سبطین خان نے کہا کہ پریس گیلری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ آزادی صحافت کے تحفظ کیلئے انشاء اللہ مجھے صف اول میں کھڑا پائیں گے۔ سپیکر نے مزید کہا کہ پریس گیلری کمیٹی کے بنا اسمبلی سیکرٹریٹ ادھورا ہے۔پنجاب اسمبلی سے متعلق خبروں کی اشاعت پرخصوصی توجہ دیں۔اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک نے کہا کہ عوام کو اسمبلی کارروائی سے آگاہی دینا اولین ترجیح ہے۔ ” مستحکم پارلیمان پروگرام ”کے ٹیم لیڈر کرسٹوفر شیلڈز نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کریں گے اور ملک کی دیگر اسمبلیوں کا دورہ کروائیں گے۔ بعدازاں صدر پریس گیلری کمیٹی اخلاق احمد باجوہ نے پریس گیلری کے مسائل بیان کئے۔ پریس گیلری کمیٹی کے نمائندہ وفد نے صحافیوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔میٹنگ میں صدر پریس گیلری کمیٹی پنجاب اسمبلی اخلاق احمد باجوہ، سیکرٹری پریس گیلری کمیٹی حسان احمد،سابق صدر پریس گیلری کمیٹی و سینئر صحافی ایاز شجاع، حافظ نعیم اور شفیق شریف نے شرکت کی۔ڈاکٹر سیدپرویز عباس ڈپٹی ٹیم لیڈر” مستحکم پارلیمان پروگرام”، پراونشنل کوآرڈینٹر فیصل بٹراور مسعود سلطان بھی میٹنگ میں شریک ہوئے۔