اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

کور کمانڈرز کانفرنس میں انسداد دہشت گردی کیلئے ’عزم استحکام‘ اہم قدم قرار

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت 265 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

پاک فوج کی کور کمانڈرز کانفرنس میں ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ’عزمِ استحکام‘ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور انسدادِ دہشت گردی کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں اسے اہم قدم قرار دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت 265 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورم نے پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ”عزمِ استحکام” کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، فورم نے انسدادِ دہشت گردی کیلئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں”عزمِ استحکام“ کو اہم قدم قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے”عزمِ استحکام“ بہت ضروری ہے، دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کیلئے عزم استحکام وقت کا اہم تقاضہ ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چند حلقوں کی جانب سے”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید کی جا رہی ہے، مخصوص مفادات کے حصول کیلئے قیاس آرائیوں پر فورم نے اظہارِ تشویش کیا۔

فورم نے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور کیا، اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کشمیر اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے، شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کیلئے کوشاں ہیں۔

شرکاء کانفرنس نے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کےخلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں ڈیجیٹل دہشت گردی جاری ہے، ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے سے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔

کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے ناصرف آگاہ ہیں بلکہ انہیں شکست دینے کیلئے پُرعزم اور متحد ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورم نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کیلئے کی جانے والی کوششوں میں مکمل تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے، معاشی ترقی و استحکام کیلئے حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے، آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنے پر زور دیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

Back to top button