مریم نوازشریف عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں دن رات کوشاں ہیں، خواجہ سلمان رفیق
2017 تک پنجاب میں87 فیصد بچوں کی ویکسینیشن کی گئی، شہباز سپیڈ کے باعث ہمارے دور میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، خواجہ عمران نذیر
پاکستان،لاہور(نمائندہ وائس آف جرمنی): صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ 2011 سے 2017 تک شہباز سپیڈ کے باعث پنجاب میں 43 فیصد سے لیکر 87 فیصد بچوں میں 12 بیماریوں کی ویکسینیشن کی گئی۔2016، 2017، اور 2018 میں پولیو کا ایک کیس بھی رپورٹ نہیں ہوا۔2019 میں ریورس سپیڈ آ گئی جن کی نااہلی سے پولیو کے 12 کیسز اور 2020 میں 14 کیس سامنے ائے۔2022 تک پنجاب میں صرف 68 فیصد بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی ویکسین لگائی گئی۔
2023 میں نگران حکومت اور 2024 میں مریم نواز شریف کی متحرک حکومت کے باعث حفاظتی ٹیکہ جات مہم کا ہدف 90 فیصد سے بھی زیادہ ہوگیا۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ نیک لوگوں کی حکومت اور ریاست مدینہ کے دعویداروں نے ملک، قومی معیشت اور ہیلتھ سیکٹر کا بیڑا غرق کردیا۔شہباز شریف کی حکومت نے 16 ماہ میں قومی معیشت کو کھڑا کیا۔ساڑھے 12 کروڑ عوام کی صحت سے کھیلنے اور صحت کے نظام میں خلل ڈالنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار خواجہ عمران نذیر نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ خسرہ کے بڑھتے کیسز پر منعقدہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیکرٹری صحت علی جان خان بھی ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے 2011-2024 کے دوران حفاظتی ٹیکہ جات مہم اور انکے اہداف کے حوالہ سے میڈیا کو آگاہ کیا۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر دونوں وزرا صحت کبیروالہ، خانیوال، میانچنوں اور ساہیوال ہسپتالوں میں جاکر خسرہ کی صورتحال مانیٹر کی۔انہوں نے کہا کہ کبیروالہ میں ہمارے ہیلتھ سسٹم کی ناکامی کے باعث خسرہ سے متاثرہ بچوں کو ڈیٹیکٹ نہیں کیا گیا، انکی اموات پر بے حد افسوس ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پتوکی میں این ائ ایچ کی رپورٹ کے مطابق بچوں کی اموات خسرہ سے نہیں ہوئی، خواجہ عمران نذیر کا کہنا کہ وزیر اعلی پنجاب ہر گھنٹے بعد خسرہ، دیگر وبائی امراض سے متاثرہ بچوں کے حوالہ سے رپورٹ لے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتہ کے دوران پنجاب میں 286 خسرہ کے کیسز رپورٹ ہوئے۔رواں سال میں خسرہ سے 18 اموات، 3143 کیسز رپورٹ ہوئے۔ انہوں نے صوبہ میں خسرہ سمیت دیگر امراض سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر میڈیا کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور مسلسل رہنمائی کی اپیل کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ میاں شہباز شریف کی قیادت میں نظام صحت میں واضح بہتری لے کر آئے تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام تک صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ای پی آئی کوریج میں بہتری انتہائی اہم ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ صوبہ بھر میں خسرہ کی وباء پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج و معالجہ کی ہدایات جاری کر چکے ہیں۔نظام صحت کی بہتری کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہے۔مریضوں کے علاج و معالجہ میں ایک فیصد بھی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔