
پاکستان پنجاب گورنمنٹ:ضلع میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے: سپیکر پنجاب اسمبلی
ضلع کی تعمیر و ترقی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، جبکہ ترقیاتی سکیموں میں "کوالٹی آف ورک" پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے
قصور (نمائندہ خصوصی) — ستھرا پنجاب پروگرام، بجلی چوری کی روک تھام، امن و امان کی صورتحال اور ضلعی ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت کنوینئر کمیٹی و رکن صوبائی اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کی۔
اجلاس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں، اراکین صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں، حاجی نعیم صفدر انصاری، چوہدری احسن رضا خان، چوہدری الیاس گجر، چوہدری محمود انور، ڈپٹی کمشنر عمران علی، ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں، ملک ریاض احمد خاں، ملک تیمور احمد خاں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر ایس ای لیسکو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای اوز ایجوکیشن، ہیلتھ، ڈپٹی ڈائریکٹرز ڈویلپمنٹ، لوکل گورنمنٹ، سوشل ویلفیئر، لیبر، ایکسائز، ہائی وے، بلڈنگ، ایریگیشن سمیت تمام ضلعی محکموں کے سربراہان بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام، بجلی چوری کی روک تھام، ضلعی ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، وزیر اعلیٰ پنجاب کے گورننس ایجنڈے پر عملدرآمد اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
کمیٹی کے اراکین نے بعض مسائل کی نشاندہی کی اور زور دیا کہ عوامی بہبود کے منصوبوں پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ضلع کی تعمیر و ترقی کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، جبکہ ترقیاتی سکیموں میں "کوالٹی آف ورک” پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے۔
عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کرنے پر ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا گیا اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا گیا۔
اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ "پنجاب حکومت عوام کو ہر شعبے میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ تمام ضلعی، صوبائی اور وفاقی محکمے ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے مربوط کوآرڈینیشن سے کام کریں۔ عوامی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار پر ہرگز سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔”
کنوینئر کمیٹی رانا محمد اقبال خاں نے زور دیا کہ "ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے، اور تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔”