پاکستان پریس ریلیزتازہ ترین

پاکستان: لاہورضلعی انتظامیہ کا شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات،منافع خوروں اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈاؤن تیز

"ستھرا پنجاب" ایک مستقل معیار ہے اور فیلڈ میں موجودگی ہی مؤثر گورننس کی ضمانت ہے۔

سید عاطف ندیم-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز


ضلعی انتظامیہ نے منافع خوری کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ حالیہ کریک ڈاؤن کے دوران 53 خلاف ورزیوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں 26 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ 19 دکانیں سیل کر دی گئیں۔ اس کے علاوہ مجموعی طور پر 5 لاکھ 67 ہزار 500 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔

انتظامیہ کے مطابق اشیائے ضروریہ کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے سبزیوں کی رسد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ پیاز کے 62 ٹرک مختلف شہروں سے لائے گئے جن میں جیکب آباد سے 43 اور کراچی سے 12 ٹرک شامل ہیں۔ اسی طرح آلو کے 40 ٹرک، جن میں پاکپتن سے 14 اور اوکاڑہ سے 10، جبکہ ٹماٹر کے 22 ٹرک جن میں لاڑکانہ سے 14 اور بہاولنگر سے 8 ٹرک شامل ہیں، مارکیٹ میں پہنچائے گئے۔

غیر قانونی تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی
میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے شالیمار زون میں بلڈنگ کوڈز کی خلاف ورزی پر بڑا آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران پانچ غیر قانونی عمارتوں کو مکمل طور پر مسمار کر دیا گیا جبکہ چار دیگر عمارتوں کو سیل کر دیا گیا۔ مجموعی طور پر نو تعمیرات کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

یہ آپریشن سلطان پورہ، حق نواز روڈ، طارق شہید روڈ، گندا نالہ مکھن پورہ، بیگم پورہ، باغبانپورہ اور ملتانی کالونی میں کیا گیا۔ حکام کے مطابق اس مہم کا مقصد منظور شدہ نقشوں پر عملدرآمد، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری
ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کینٹ سے انتظامی امور پر بریفنگ بھی لی اور صفائی کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا۔

ہدایت جاری کی گئی کہ سڑکوں کی صفائی روزانہ پیک اوقات سے قبل مکمل کی جائے، جبکہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو طارق شہید روڈ اور ملحقہ علاقوں میں بہترین صفائی انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔

صحت اور عوامی سہولیات پر خصوصی توجہ
ڈپٹی کمشنر نے میاں میر ہسپتال کا دورہ کرتے ہوئے ضروری ادویات کی سو فیصد دستیابی اور تشخیصی آلات کی فعالیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر نظام موجود ہے اور عوام کنٹرول روم نمبر یا سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔

آخر میں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ "ستھرا پنجاب” ایک مستقل معیار ہے اور فیلڈ میں موجودگی ہی مؤثر گورننس کی ضمانت ہے۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button