یورو وژن فائنل: اسرائیل کی شرکت پر پانچ ممالک کا بائیکاٹ
دوسری جانب اسرائیل نے اس کے جواب میں عالمی سطح پر اس کے خلاف ''بدنامی کی مہم‘‘ چلانے کا الزام لگایا ہے۔
ان ممالک کا موقف ہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائی کے باعث ان کے لیے شرکت ممکن نہیں۔ آئرلینڈ کے براڈکاسٹر ‘آر ٹی ای‘ نے کہا کہ غزہ میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور انسانی بحران کے پیش نظر اس مقابلے میں حصہ لینا ”نا قابلِ برداشت‘‘ ہو گا۔
اس کے ساتھ ساتھ ایک ہزار سے زائد فنکاروں نے بھی اسرائیل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اس کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے اس کے جواب میں عالمی سطح پر اس کے خلاف ”بدنامی کی مہم‘‘ چلانے کا الزام لگایا ہے۔

دو دہائیوں میں سب سے چھوٹا مقابلہ
اس ایونٹ کے مرکزی منتظم مارٹن گرین نے نیوز ایجنسی روئٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ”ہم دنیا کا سب سے بڑا میوزک شو ہیں۔ ہمارے جیسا کوئی بھی عالمی پروگرام کبھی نہ کبھی دنیا کی حقیقتوں سے ٹکراتا ضرور ہے۔ ہم یورو وژن کو ایک غیر جانبدار پلیٹ فارم بنائے رکھنے کی پوری کوشش کرتے ہیں، جہاں فنکار موسیقی کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑ سکیں۔”
ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے جمعے کو کہا کہ وہ یقین رکھتے ہیں کہ ان کا ملک ”تاریخ کی درست سمت‘‘ پر ہے۔
فلسطین کے حامی کارکنوں نے جمعے کو ویانا کے مرکز میں ”گانے کے ذریعے احتجاج‘‘ کے نام سے متبادل کنسرٹ کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر ستاون سالہ دالیا ساریگ، جو گردن پر کفایہ اسکارف پہنے ہوئے تھیں، نے اے ایف پی سے کہا، ”میں یہودی ہوں، فلسطین کی حمایت کرتی ہوں اور میں نہیں چاہتی کہ یورو وژن پر اسرائیل کو پلیٹ فارم دیا جائے۔‘‘

ویانا میں احتجاجی مظاہرے
آج آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں فضا تناؤ سے بھری اور نسبتاً خاموش ہے۔ اسرائیل کی شرکت کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں لوگوں کی تعداد محدود رہی۔ پولیس ہفتے کے روز سے ہی خلل کی کوششوں کے پیش نظر مکمل طور پر الرٹ ہے۔
منگل کے سیمی فائنل کے دوران ایک مظاہرہ کرنے والے نے ”نسل کُشی بند کرو‘‘ اور ”فری فلسطین‘‘ کے نعرے لگائے۔ اسے اور تین دیگر افراد کو ایرینا سے باہر نکال دیا گیا۔
دریں اثنا یورپی براڈکاسٹنگ یونین (ای بی یو) نے اسرائیلی براڈکاسٹر ‘کے اے این‘ کو باضابطہ انتباہ جاری کیا ہے کیونکہ اس کی جانب سے ناظرین سے زیادہ سے زیادہ ووٹ اسرائیلی گلوکار کو دینے کی اپیل کی جا رہی تھی، جو اب قواعد کی خلاف ورزی ہے۔


