کاروبارتازہ ترین

پاکستان نے ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 ہزار 722 ارب روپے سے زائد قرض قبل از وقت واپس کر دیا

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران 2 ہزار 900 ارب روپے کے قرضے میچورٹی سے پہلے واپس کیے گئے

ناصف اعوان-پاکستان،وائس آف جرمنی اردو نیوز
مشیرِ وزیرِ خزانہ برائے اقتصادی و مالیاتی امور خرم شہزاد کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان نے قرضوں کے فعال انتظام کے تحت ملکی تاریخ میں پہلی بار 4 ہزار 722 ارب روپے سے زائد کے قرضے مقررہ مدت سے پہلے واپس کر دیے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق حالیہ مرحلے میں 279 ارب روپے مالیت کے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز (PIBS) کی قبل از وقت واپسی کے بعد مجموعی طور پر تقریباً 17 ارب امریکی ڈالر کے مساوی قرض قبل از وقت ادا کیا جا چکا ہے، جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور مسلسل لائیبلٹی مینجمنٹ آپریشن قرار دیا گیا ہے۔
جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025-26 کے دوران 2 ہزار 900 ارب روپے کے قرضے میچورٹی سے پہلے واپس کیے گئے، جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 62 فیصد زیادہ ہیں۔ اس میں 51 فیصد مرکزی بینک جبکہ 49 فیصد مارکیٹ سے حاصل کردہ قرض شامل تھا۔
خرم شہزاد کے مطابق فعال قرض انتظام کے نتیجے میں ری فنانسنگ اور رول اوور کے خطرات میں کمی، قرضوں کی ادائیگی کی لاگت میں بچت، نقدی کے بہتر انتظام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اوسط مدتِ قرض 2.7 سال سے بڑھ کر 3.8 سال سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ قرضوں کا جی ڈی پی سے تناسب 75 فیصد سے کم ہو کر تقریباً 68.5 فیصد رہ گیا ہے۔ ان کے بقول یہ اقدامات پاکستان کو قلیل مدتی قرضوں پر انحصار سے نکال کر مضبوط، پائیدار اور کم لاگت والے مالیاتی نظام کی جانب گامزن کر رہے ہیں۔

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button