پیر مشتاق رضویکالمز

پنجاب کی سیاست میں کرپشن کا بول بالا !!…… پیر سید مشتاق احمد رضوی

منتخب نمائندوں کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہی، خوشامدی لوگ اوپر اچھی تصویر پیش کرتے ہیں لیکن زمینی حقائق بالکل مختلف ہیں

Al-Syed Tech Company Bio Medical Equipment Service

پنجاب کی سیاست ایک بار پھر ایک نئے اور خطرناک موڑ پر کھڑی ہے۔ وہی مسلم لیگ جو کبھی ایک چھتری تلے تھی، آج دو دھڑوں میں بٹی نظر آتی ہے۔ ایک طرف وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن ہے جو "ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں” کا دعویٰ کر رہی ہے، اور دوسری طرف اس کی سب سے پرانی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق ہے جو اسی حکومت کے اندر بیٹھ کر پنجاب میں کرپشن کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے۔ اس ساری لڑائی کے بیچ میں عوام سوال کر رہی ہے کہ سچ کیا ہے۔؟ معاملے کی ابتدا وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنما چوہدری سالک حسین کے اس دو ٹوک بیان سے ہوئی جس نے لاہور سے اسلام آباد تک ہلچل مچا دی۔ چوہدری سالک حسین نے واضح الفاظ میں کہا کہ ہماری ضرورت نہیں تو وزیراعظم اشارہ کریں، ہم مستعفی ہونے کے لیے تیار ہیں۔ کرپشن کی بات پر سازش کے بیانیے کے پیچھے نہ چھپا جائے، میں اپنی بات پر قائم ہوں کہ پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے، ہر کوئی اس حقیقت کو تسلیم کر چکا ہے۔ یہ بیان صرف ایک سیاسی بیان نہیں تھا بلکہ حکومتی اتحاد کے اندر سے اٹھنے والی ایک بڑی بغاوت تھی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس پر شدید ردعمل دیا اور معاملہ عدالت میں گھسیٹنے تک جا پہنچا۔ چوہدری سالک کے مطابق مریم نواز کا اس معاملے کو ذاتی طور پر لینا اور بچوں کے سامنے اس طرح کی گفتگو کرنا سمجھ سے باہر ہے، جبکہ ایک دن پہلے وہ خود پنجاب میں کرپشن کا اعتراف کر رہی تھیں۔اس بیان کے بعد پردے کے پیچھے کیا کھیل ہوا اس کا انکشاف سینئر صحافی حسن ایوب نے کیا۔ ان کے مطابق اے آر وائی پر بریکنگ چلنے کے اگلے ہی روز چوہدری شافع حسین، جو خود پنجاب کابینہ کا حصہ ہیں، مریم نواز تک پہنچنے کے لیے بے چین ہو گئے۔انہوں نے مریم اورنگزیب اورچیف سیکرٹری پنجاب کو میسجز کیے اور سیکرٹری ٹو چیف منسٹر کے دفتر میں جا کر بیٹھے رہے تاکہ معاملہ رفع دفع ہو جائے اور عدالت تک نہ پہنچے، لیکن اب قانونی نوٹس جاری ہو چکا ہے۔ یہاں ایک اہم نکتہ یہ بھی ہے کہ چوہدری شافع حسین خود پنجاب حکومت کا حصہ ہیں، اس لیے کرپشن کے الزامات کا دائرہ ان پر بھی آ سکتا ہے کیونکہ کرپشن کا الزام لگانے والا خود اسی نظام کا حصہ ہے۔ڈیرہ غازی خان سے مسلم لیگ ن کے اپنے منتخب رکن قومی اسمبلی سردار محمود قادر لغاری کا حالیہ بیان اس وقت پنجاب حکومت کے لیے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے بیان سے بھی بڑا دھچکا بن چکا ہے، یہ بیان 10 نومبر 2026 کو ڈیرہ غازی خان میں تاجروں سے گفتگو کے دوران دیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ سردار لغاری نے کھلے الفاظ میں کہا کہ بیوروکریسی اس ملک پر راج کرتی ہے، بیوروکریٹس بادشاہوں کی طرح ہیں جبکہ منتخب نمائندوں کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہی، خوشامدی لوگ اوپر اچھی تصویر پیش کرتے ہیں لیکن زمینی حقائق بالکل مختلف ہیں۔ انہوں نے پولیس نظام پر سب سے سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کوئی انصاف نہیں ہے، تھانے بکے ہوئے ہیں، تھانے دو دو اور تین تین ماہ کے لیے فروخت کیے جا رہے ہیں، پانچ ہزار والا کام پچاس ہزار میں ہوتا ہے، اگر پیسے لینے ہیں تو لیں لیکن ریٹ مقرر کر دیں تاکہ لوگ دھکے نہ کھائیں، اور منتخب نمائندے کو ایک ایس ایچ او کے تبادلے کا بھی اختیار نہیں ہے۔ انہوں نے براہ راست الزام لگایا کہ ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کے بھائیوں نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے، گھروں میں بیٹھ کر لین دین ہو رہا ہے، پولیس اہلکاروں کو نجی رہائش گاہوں پر سود کا پیسہ وصول کرنے کے لیے بھیجا جا رہا ہے، سب کو پتہ ہے اندھیر نگری ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں، جھوٹ بولوں تو میں خود جوابدہ ہوں۔ اس کے ساتھ انہوں نے ترقیاتی منصوبوں میں ناقص میٹریل کے استعمال، کمشنر کو شکایت کے باوجود کارروائی نہ ہونے، ہسپتالوں میں ادویات کی قلت اور عوام کے ٹیکس کے کروڑوں روپے ضائع ہونے کا بھی ذکر کیا۔ اس بیان کی اہمیت اس لیے دوچند ہے کہ یہ اپوزیشن کا نہیں بلکہ حکمران جماعت کے اپنے موجودہ ایم این اے کا ہے چوہدری سالک حسین نے بھی اپنے دفاع میں اسی بیان کا حوالہ دیا ہے کہ اپنے ایم این اے سے ہی سن لیں تاہم واضح رہے کہ یہ تمام الزامات تاحال سردار لغاری کا ذاتی مؤقف ہیں جن کی آزادانہ تحقیقات ہونا باقی ہے۔اس سیاسی لڑائی کے اصل حقائق دو بڑی سرکاری رپورٹس اور ایک فلیگ شپ منصوبے کے اندر چھپے ہوئے ہیں۔ پہلی آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ ہے جس میں انکشاف کیا گیا کہ پنجاب کے صرف 200 دفاتر کے آڈٹ میں 46 ارب روپے سے زائد کی مبینہ مالی بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ سینئر صحافی کامران خان کے مطابق کل 5 ہزار سے زائد سرکاری دفاتر میں سے اگر صرف 200 دفاتر کے 19 فیصد اخراجات میں یہ سب کچھ نکلا ہے تو باقی 81 فیصد میں کیا کچھ چھپا ہوگا۔ واضح رہے کہ یہ آڈٹ اعتراضات ہیں، حتمی کرپشن ثابت ہونا ابھی باقی ہے۔ دوسری طرف پنجاب حکومت نے 44 محکموں میں 75 ہزار آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں سکول ایجوکیشن کی 30 ہزار سے زائد آسامیاں شامل ہیں۔ حکومت اسے 35 سے 40 ارب روپے کی سالانہ بچت قرار دے رہی ہے جبکہ ناقدین اسے بے روزگاری میں اضافہ کہہ رہے ہیں۔اسی کشیدگی کے دوران وزیراعلیٰ کا سب سے بڑا فلیگ شپ منصوبہ ستھرا پنجاب خود کرپشن کی دلدل میں پھنس چکا ہے۔ یہ منصوبہ دسمبر 2024ء میں 25 ہزار دیہات اور 146 تحصیلوں کو صاف کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا، جس کے لیے 180,000 ورکرز اور 40,000 گاڑیاں اور روزانہ 55,000 ٹن کچرا اٹھانے کا دعویٰ کیا گیا تھا اور 2026-27 کا بجٹ 170 ارب روپے رکھا گیا تھا، لیکن آج یہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی سب سے بڑی انکوائری بن چکا ہے۔ اینٹی کرپشن کے مطابق نومبر 2024ء سے اپریل 2026 کے دوران صرف فیصل آباد میں ایک ارب روپے سے زائد کی خورد برد ہوئی۔ ایف آئی آر کے مطابق کاغذوں میں 2,317 کنٹینر دکھائے گئے جبکہ موقع پر صرف 1,717 ملے، 633 گھوسٹ ملازمین کی تنخواہیں نکالی گئیں، مہنگے منی ڈمپر کے بل پاس کر کے سستے لوڈر رکشے چلائے گئے۔ اس کیس میں 12 افراد نامزد ہیں جن میں سابق ایم ڈی فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد رؤف اور ٹھیکیدار رائے قمر زمان شامل ہیں۔ اینٹی کرپشن اب تک 40 سے 50 کروڑ روپے کی ریکوری کر چکی ہے جس میں 8 کروڑ نقد، ڈی ایچ اے لاہور میں 12 کروڑ کا پلاٹ اور لگژری گاڑیاں شامل ہیں۔ تازہ ترین انکوائری جو 2 نومبر 2026 کو شروع ہوئی اس میں الزام ہے کہ 800 گاڑیوں کا فلیٹ دکھا کر صرف 550 گاڑیاں چلائی گئیں اور ماہانہ 1 کروڑ 75 لاکھ روپے کا فیول اور کرایہ کا گھپلہ کیا گیا۔ طریقہ واردات یہ تھا کہ ایک ہی گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹیں لگا کر فیول نکالا جاتا اور پھر راجباہ روڈ کی ورکشاپ میں نکال لیا جاتا، جبکہ ثبوت مٹانے کے لیے ٹریکرز توڑے گئے اور سی سی ٹی وی بند کیے گئے۔ اس کرپشن کا سب سے زیادہ نقصان غریب ورکر کو ہوا، فیصل آباد میں 4000 ڈیلی ویجز ورکرز کے 6 کروڑ 65 لاکھ روپے متعلقہ مد میں جمع ہی نہیں کرائے گئے اور کامونکی میں ایک سپروائزر نے الزام لگایا کہ ایریا منیجر نے نوکری پکی کرنے کے نام پر ڈیڑھ لاکھ رشوت لی۔جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز صاحبہ کے زیرو کرپشن کے دعوے اور عالمی رپورٹس کی طرف ایک کھلی کتاب ہے۔ وزیراعلیٰ کہتی ہیں کہ میں کسی کرپٹ وزیر کو نہیں بخشوں گی۔ لیکن ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی گلوبل کرپشن پرسیپشن انڈیکس رپورٹ 2025ء جو فروری 2026 میں جاری ہوئی، اس کے مطابق پاکستان کا سکور 28/100 ہے اور 182 ممالک میں 136 واں نمبر ہے۔ پچھلے سال یہ سکور 27 تھا، یعنی ایک پوائنٹ بہتری لیکن رینک 135 سے 136 پر چلا گیا۔ اس رپورٹ کے لیے 8 عالمی اداروں کا ڈیٹا لیا گیا جن میں سے 5 نے کہا کوئی بہتری نہیں، 2 نے سکور کم کیا اور صرف ایک نے 5 پوائنٹ بہتری دی۔ دوسری رپورٹ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کا اپنا نیشنل کرپشن پرسیپشن سروے 2025ء ہے جو 4000 پاکستانیوں سے کیا گیا۔ اس میں پنجاب کے حوالے سے خطرناک نتائج ہیں۔ پورے ملک میں 24 فیصد لوگوں نے پولیس کو سب سے کرپٹ کہا لیکن پنجاب میں یہ شرح 34 فیصد ہے جو سب سے زیادہ ہے۔ دوسرے نمبر پر ٹینڈر اور ٹھیکے ہیں جنہیں 16 فیصد نے کرپٹ کہا۔ 77 فیصد لوگ حکومت کی انسداد کرپشن کوششوں سے ناخوش ہیں اور پنجاب میں یہ شرح 78 فیصد ہے۔ 59 فیصد لوگوں نے کہا صوبائی حکومتیں لوکل سے زیادہ کرپٹ ہیں اور پنجاب میں یہ عدم اعتماد 70 فیصد ہے۔ آئی ایم ایف کی 2025 گورننس رپورٹ بھی کہتی ہے کہ پاکستان میں کرپشن اور گورننس کی کمزوری معاشی ترقی کو شدید متاثر کر رہی ہے۔
اسی دوران مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق کا مفاہمتی پیغام بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر طاقت فانی ہے، قبولیت ہو یا مقبولیت سب عارضی ہے، اقتدار والے تو چلے جاتے ہیں لیکن قومی وحدت پر لگنے والے زخم دہائیوں تک رستے رہتے ہیں۔ زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے پہل ہمیشہ سرکار کرتی ہے۔ آگے بڑھیں، بہت نقصان ہو چکا۔ یہ پیغام دراصل اپنی ہی جماعت کو مفاہمت کا مشورہ ہے۔
پیارے قارئین ! یہ لڑائی صرف قائداعظم لیگ بمقابلہ نواز شریف لیگ نہیں بلکہ پاکستان کے اس نظام کی لڑائی ہے جہاں اشرافیہ غریب کا حق اپنی تجوریوں میں بند کر لیتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جولائی سے ستمبر 2026ء میں پاکستانیوں نے تقریباً 250 ارب روپے کا سونا خریدا، جو اس طبقاتی تقسیم کا ثبوت ہے۔ مسلم لیگ ق کا یہ دباؤ آنے والے سینیٹ اور بلدیاتی انتخابات میں اپنی بارگیننگ پوزیشن بہتر بنانے کی کوشش بھی ہے۔ اگر مریم نواز نے اس معاملے کو عدالتوں میں لے جانے کے بجائے ثبوتوں اور احتساب سے حل کیا اور اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں تو بحران ٹل سکتا ہے، بصورت دیگر "اب نہیں تو پھر کبھی نہیں” والی سیاست اتحادی حکومت کو کمزور کر دے گی۔ اور جب تک ٹینڈرنگ، پولیس، ستھرا پنجاب جیسے منصوبوں میں 633 گھوسٹ ملازمین اور 600 گھوسٹ کنٹینرز جیسے کیسز میں بڑے مگرمچھوں تک ہاتھ نہیں جاتا، تب تک زیرو کرپشن کا دعویٰ عوام کے لیے قابل قبول نہیں ہوگا۔۔۔!!

مزید دکھائیں

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button